ایس ای سی پی نے انگریزی اور اردو میں نئی ویب سائٹ لانچ کر دی

جمعہ 12 اگست 2016 22:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے اردو اور انگریزی ہر دو زبانوں میں تمام خصوصیات سے مزین اپنی نئی ویب سائٹ لانچ کردی ہے۔ نئے سرے سے تیار کی گئی ویب سائٹ میں عوام الناس، سرمایہ کاروں، سٹیک ہولڈروں اور میڈیا کے لئیمعلومات تک فوری اور جامع رسائی آسان تر بنا دی گئی ہے۔

تاکہ ایس ای سی پی اور اس کے انضباطی نظام کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کی جا سکے۔ نئی ویب سائٹ کے افتتا ح کے موقع پرچئیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے کہا کہ نئی ویب سائٹ صارفین کے لئے آگہی کا بہترین وسیلہ ثابت ہوگی۔ ساتھ ہی ساتھ یہ ویب سائٹ سرمایہ کاروں اور عوام الناس کے لئے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں سرمایہ کاری سے متعلقہ تمام ضروری اور تازہ ترین معلومات کا فوری ذریعہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

نئی ویب سائٹ کا ڈیزائن بہت واضح اور بہترین ترتیب کا حامل ہے۔ جس کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین سہولت کے ساتھ کمیشن کے فرائض، ذمہ داریوں، کارہائے منصبی اور طریق کار سے آگاہ ہو سکیں گے۔ اس ویب سائٹ کا مقصد پاکستان میں مضبوط انضباطی اصول کے تابع جدید اور کار گزار کاروباری شعبہ کا فروغ اور کیپیٹل مارکیٹ کے لئے سہولیات کی فراہمی ہے۔

ویب سائٹ پر نئی کمپنی کی تشکیل، منافع بخش اداروں کے لئے لائسنس کے اجرا کے نظام، بیمہ اور غیر بینکی مالیاتی کمپنیوں، مارکیٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار اور معلومات اور ایس ای سی پی کے قوانین، ضوابط اور قواعد سے متعلقہ تفصیلی مواد فراہم کیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی کے جاری کردہ تازہ ترین اطلاع نامے، مراسلے، ہدایت نامے، تعمیلی اقدامات اور اپیلٹ بینچ کے آرڈرز بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے۔

مزید برآں، صارفین اپنی شکایات آن لائن جمع کروانے کے ساتھ ساتھ باآسانی رجسٹر کمپنیوں کی تلاش اور توثیق، ایس ای سی پی کی ای خدمات، وَرچوئل ون سٹاپ شاپ اور جمع پونجی تک بھی اس ویب سائٹ کے ذریعے لاگ اِن ہو سکتے ہیں۔ ایس ای سی پی جانب سے دونوں زبانوں اردو اور انگریزی میں ویب سائٹ کی فراہمی اردو کو بطورِ سرکاری زبان فروغ دینے کی کاوش کا حصہ ہے۔

ویب سائٹ کے اردو سیکشن میں کمپنی کی تشکیل، تعمیلی تقاضوں، لائسنس کے حصول کے طریقے اور منضبطہ قوانین، قواعد، ضوابط اور راہنما کتابچے اردو میں فراہم کر دئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ ایس ای سی پی نے اپنے تمام قوانین ماسوائے کمپنیز آرڈیننس1984 (جسے نئے کمپنیز ایکٹ سے بدل دیا جائے گا) کا اردو میں ترجمہ کر لیا ہے۔ نئی ویب سائٹ تک تمام قسم کے براؤزرز اور موبائل فون کے ذریعے باآسانی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

نیز یہ ویب سائٹ سوشل میڈیا جیسا کہ فیس بک اورٹوئٹر کے ساتھ بھی موافقت رکھتی ہے۔ نئی ویب سائٹ پر باقاعدگی سے تازہ ترین خبریں، رپورٹیں، اطلاع نامے،مراسلے، آرڈرز، اہم واقعات، سرمایہ کاری اور مالیات سے متعلقہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔امید کی جارہی ہے کہ نئی ویب سائٹ نہ صرف صارفین کے لئے نہ صرف معلومات بلکہ ایس ای سی پی کے ساتھ رابطے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :