لاہور،سنی اتحادکونسل کے زیراہتمام سانحہ کوئٹہ کیخلاف ملک گیریوم احتجاج

ملک بھرمیں جمعہ کے اجتماعات میں سانحہ کوئٹہ کیخلاف مذمتی قرادادیں منظورکی گئیں،علماء اہلسنت نے خطبات جمعہ میں قتل ناحق کیخلاف اورانسانی جان کی حرمت کے حق میں خطبات،حکومت سانحہ کوئٹہ کے مجرموں کوپکڑکرعبرت کانشان بنائے،چیئرمین سنی اتحادکونسل صاحبزادہ حامدرضاء کاخطاب

جمعہ 12 اگست 2016 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 اگست ۔2016ء) سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام سانحہ کوئٹہ کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں سانحہ کوئٹہ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علماء اہلسنّت نے خطبات جمعہ میں قتل ناحق کے خلاف اور انسانی جان کی حرمت کے حق میں خطبات جمعہ دیئے جبکہ نماز جمعہ کے بعد لاہور، کراچی ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، گجرات اور دوسرے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کو حکومت سانحہ کوئٹہ کے مجرموں کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنائے۔سانحہ کو ئٹہ دہشتگردی کا بد ترین واقعہ ہے۔

(جاری ہے)

بزدل دشمن ضرب عضب کی کامیابی سے بوکھلا کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے خلاف آواز اٹھائے۔

کوئٹہ میں ہونیوالے ظلم و بربریت پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آزمائش کی گھڑی میں حوصلہ بلند رکھنا ہوگا۔ ماہ آزادی میں دہشتگردی کا المناک واقعہ افسوسناک ہے۔سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حسن رضا نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشتگردوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے۔

سانحہ کوئٹہ کے مجرم عبرت ناک انجام سے نہیں بچ سکتے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین سید جواد الحسن کاظمی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہادر سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ بے گناہ انسانوں کا بہانے والے بے رحم قاتل بہادر پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔یوم احتجاج کے موقع پر گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی، سمندری میں علامہ حامدسرفراز ، میانوالی میں قاری منظور عالم ، چنیوٹ میں مولانا سیف سیالوی، بھکر میں مولانا مفتی محمد امیر عبد اللہ خان نے اجتماعات سے خطاب کیا اور احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔

متعلقہ عنوان :