معاشی ترقی میں تعمیراتی صنعت ایک فعال قوت ہے ‘ تعمیراتی شعبہ معاشی ترقی اور سماجی تبدیلی کے لئے بہترین معاون ہے اس ضمن میں ایسوسی ایشن آف بلڈر ز اینڈ ویولپرز آف پاکستان کی جانب سے آباد انٹر نیشنل ایکسپو 2016 ء کا انعقاد قابل تحسین اور ہر پاکستانی کیلئے ایک خوش آئند بات ہے

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی انٹرنیشنل ایکسپو 2016 ء کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 12 اگست 2016 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں تعمیراتی صنعت ایک فعال قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے ، تعمیراتی شعبہ معاشی ترقی اور سماجی تبدیلی کے لئے بہترین معاون ہے اس ضمن میں ایسوسی ایشن آف بلڈر ز اینڈ ویولپرز آف پاکستان کی جانب سے آباد انٹر نیشنل ایکسپو 2016 ء کا انعقاد قابل تحسین اور ہر پاکستانی کیلئے ایک خوش آئند بات ہے،وہ جمعہ کوآباد انٹرنیشنل ایکسپو 2016 ء کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)ایکسپو میں،مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد سے ملک اور صوبہ کی تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا،ایکسپو میں 17 کے قریب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفود کی شرکت سے اس شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھے گی جبکہ نمائش سے تعمیراتی شعبہ سے وابستہ 65 کے قریب صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر قائد پاکستان کا صنعتی حب ہے،یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی ملکی معیشت پر اثر اندازہو تی ہے اس ضمن میں لو کاسٹ ہاؤسنگ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہ اکہ کم لاگت والے رہائشی مکانات کی تعمیر کیلئے آباد اور صوبائی حکومت مشترکہ منصوبہ کے تحت کام کررہی ہے اس منصوبے میں ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈیویلپمنٹ میں کم لاگت کے رہائشی یونٹ تیار کئے جائیں گے۔ شہر میں چائنا کٹنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اس کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ یہ شہر میں تجاوزات ، بے ہنگم اور پلاننگ کے بغیر تعمیرات کا سبب بن رہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نمائش میں پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک سے تعمیراتی صنعت سے وابستہ کمپنیاں اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی متعارف کرارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں مختلف ممالک اور مقامی ماہرین اپنے خام مال ، زیر استعمال تعمیراتی سامان اور ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات فراہم کررہے ہیں ، مصنوعات کا تعلق مختلف تعمیراتی مراحل سے ہے ، اس نمائش سے پاکستان میں تعمیراتی صنعت کے طریقہ کار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور اس طرح یہ نمائش پاکستان میں تعمیراتی صنعت کو جدید مہارت سے آشنا کرے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ لا تعداد ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کا روزگار آباد سے وابستہ ہیں ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد افراد اس صنعت سے وابستہ ہیں یہ شعبہ ان صنعتوں کو بھی مدد فراہم کرتا ہے جن کی مصنوعات تعمیراتی مراحل میں استعمال ہوتی ہیں اور اس طرح یہ شعبہ معاشی کوشحالی میں ملک کیلئے ایک کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ نمائش پاکستان کے لئے کامیابی کی ضمانت ہو گی اور میں ایسوسی ایشن کو ا س ضمن میں ان کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا۔ انہوں نے آباد کے چیئر مین حنیف گوہر اور ان کے ممبران کو نمائش کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔