چڑیا گھر ہتھنی کی سالگرہ منائی گئی ،سوزی 35برس کی ہوگئی

ہاتھی کی نسل کی بقا کیلئے ان کی قدرتی آما جگاہوں کو لاحق خطرات سے پاک کرنا ہوگا ‘ ڈی جی جنگلی حیات و پارکس

جمعہ 12 اگست 2016 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء)ہاتھیوں کی نسلوں کی بقا کیلئے ان کی قدرتی آما جگاہوں کو لاحق خطرات سے پا ک کرنا ہوگا اور اس سلسلہ میں پوری دنیا کو بھر پور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ورنہ قدرت کا یہ عظیم شاہکار ناپید ہو کر رہ جائے گا۔عوامی تفریح کے لئے سفاری زو کے لیے ہاتھی لانے کیلئے بھر پوکوششیں کی جارہی ہیں امید ہے جلد ہی اس سلسلے میں پیشرفت ہوگی ۔

ڈائریکٹر جنر ل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے یہ بات آج یہاں لاہور چڑیاگھر میں ہاتھی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چو دھری شفقت علی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھی کا عالمی دن منانے کا بنیادی مقصدہاتھیوں کی سمگلنگ سے ان کی نسل کو لاحق خطرات کے بارے میں دنیا بھر کے لوگوں میں آگہی پیدا کرنا ہے اوران خطرات کو دور کرتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکالنا ہے۔

(جاری ہے)

خالد عیاض خان نے کہا کہ ہاتھی قدیم زمانے سے ہی انسان کا ساتھی رہا ہے اور پوری دنیا میں سرکسوں و دیگر تفریحی سرگرمیوں میں نمایاں اہمیت کا حامل اور انسانی رویوں کے قریب ترین ہے ۔ انہوں نے لاہور چڑیا گھر میں انتظامیہ کے ساتھ ملکر چڑیا گھر کی رونق اور ہر دلعزیز ہتھنی سوزی کی 35ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ۔ اس موقع پر شائقین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ چڑیا گھر انتظامیہ نے اس دن کے حوالے سے معلوماتی پمفلٹ کتبے اور بچوں میں پزل گیم اور ڈرائینگ کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا ۔ہاتھی کے عالمی دن کے موقع پر ہتھنی سوزی کے گھر کو بھی خوبصورت جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا ۔