ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے نتیجے میں ملک کا امن بحال ہوا ہے ‘ملک رفیق رجوانہ

وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکایا جائے گا بجٹ میں زرعی پیکج کے اعلان سے ملک بھر کے کسانوں نے سکھ کا سانس لیا ہے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کئے جا رہے ہیں ‘گورنر پنجاب

جمعہ 12 اگست 2016 21:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکایا جائے گا اور اُن کا مکمل خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا ،آج اگر خیبر سے کراچی تک مسلم لیگ(ن)کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے اُس کی بنیادی وجہ حکومت کی مثالی کارکردگی اور عوام دوست پالیسیاں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور مقامی رہنماؤں سے گفتگو کے دوران کیا، جنہوں نے شاہنواز رانجھا کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گونر پنجاب نے کہا کہ ہر شعبے کی ترقی کے لیے شروع کیے جانے والے میگا پراجیکٹس سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زرعی پیکج کے اعلان سے ملک بھر کے کسانوں نے سکھ کا سانس لیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کئے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ 2018ء تک ملک کو اندھیرں سے پاک کر دیا جائے گا ۔گورنر پنجاب نے کہا ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے نتیجے میں ملک کا امن بحال ہوا ہے جس کے معاشی اور اقتصادی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کارکن مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں اُن کی قربانیوں کی وجہ سے آج مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر اُبھری ہے۔گورنر پنجاب نے سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) کو منظم کرنے کے حوالے سے شاہنواز رانجھا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بہترین نتائج دئیے ہیں۔وفد نے کارکنوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے ہر قسم کی یقین دہانی کروانے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے 15رکنی وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کا اندوہناک واقعہ دہشت گردی کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے جنہیں ضرب عضب کے نتیجے میں بھاگنے کا موقع نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ملک کے اہم اداروں کو نشانہ بنا کر قوم کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں تو یہ محض اُن کی خام خیالی ہے۔

دہشت گردی کے ہر واقع کے بعد قوم پہلے سے زیادہ متحد اور مضبوط بن کر ابھرتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا با شعور طبقہ ہے جنہوں نے تعمیرو ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے ،دہشت گردی کے واقعات اُن کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنانے کے لیے بار اور بنچ کے درمیان مثالی تعلق کا ہونا ضروری ہے اور وکلاء تنظیموں کو اس حوالے سے فعال کردار ادا کرنا ہو گا ۔وفد کی سربراہ ڈاکٹر نرگس ناہید نے کہاہے کہ کوئٹہ دہشت گردی کے واقع میں وکلاء کو نشانہ بنانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر کوئٹہ سانحہ میں شہید ہونے والے وکلاء اور دیگر شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔