18اگست کو اسلام آباد میں دہشتگردی،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف ’’ندائے امت کانفرنس‘‘ہوگی‘‘طاہر محمود اشرفی

انتہاپسندی ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم حکومت اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہے‘مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 12 اگست 2016 20:55

کراچی /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہاکہ انتہاپسندی ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم حکومت اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہے، ایک ماہ گزر گیا مفتی حبیب الرحمن شہید کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیاگیا، وزیر اعلیٰ سندھ،ڈی جی رینجرز اور کورکمانڈر کراچی سے اپیل کرتے ہیں کہ مفتی حبیب الرحمن شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ،18اگست کو اسلام آباد میں دہشتگردی،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف ’’ندائے امت کانفرنس‘‘ہوگی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جامع مسجد صدیق اکبر ؓ، گلستان جوہر کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ مفتی حبیب الرحمن شہید کے والد نذیر احمداور بھائی مولانا ضیاء الرحمن ،پاکستان علماء کونسل کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری قاری محمد اعظم فارقی،مولانا اﷲ بخش طاہر،مولانا عبد الستار ،قاری محمد اسلم ودیگر ذمہ داران بھی تھے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مفتی حبیب الرحمن کو امن اور اعتدال کی بات کرنے کے جرم میں شہید کیا گیا۔ پاکستان علماء کونسل وطن عزیز پاکستان سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے سربکف ہے ۔پاکستان علماء کونسل امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کی بات کرتی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امت مسلمہ کے تین ممالک ترکی،پاکستان اور سعودی عرب دہشتگرد قوتوں کے نشانہ پر ہیں۔

مدینہ منورہ میں دہشتگردی ہو یا کوئٹہ میں دہشتگرد بے گناہ انسانیت کو نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اکتوبر میں کراچی میں مفتی حبیب الرحمن شہید کی یاد میں پیغام امن کانفرنس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ہوں یا کوئی اور یہ وقت اتحاد کا ہے اختلاف کا نہیں۔پاکستانی قوم افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں پر اعتماد کرتی ہے اور انشاء اﷲ ہم سب مل کر دہشتگردی اور انتہاپسندی کو ختم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :