محمود خان اچکزئی نے بھارت سے وفاداری اور پاکستان سے غداری کاثبوت دیا ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

اچکزئی پر آرٹیکل 6کے تحت غداری کا مقدمہ چلایا جائے،بھارت کی بولی بولنے والے غدار وطن ہیں‘صاحبزادہ حامد رضا

جمعہ 12 اگست 2016 20:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے بھارت سے وفاداری اور پاکستان سے غداری کاثبوت دیا ہے، اچکزئی پر آرٹیکل 6کے تحت غداری کا مقدمہ چلایا جائے،بھارت کی بولی بولنے والے غدار وطن ہیں، وزیر اعظم اپنے اتحادی اچکزئی کے بیان پر اپنی پوزیشن واضح کریں، اچکزئی اور فضل الرحمن نے سیکیورٹی ایجنسیوں پر بلا جواز تنقید کرکے بھارت کو خوش کیا ہے، اس وقت دفاعی اداروں پر تنقید نہیں ان کے پیچھے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، اچکزئی اور فضل الرحمن بھارت کی وکالت چھوڑ دیں، دہشتگردی کے خلاف قومی اتفاق رائے کو سازش کے تحت خراب کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں کیا ہے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور پاکستان کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔ اچکزئی نے را کی وکالت اور سیکورٹی فورسز پر تنقید کرکے پاکستان دشمنی کامظاہرہ کیا ہے۔وزیر اعظم کے اتحادی بھارت کے وفادار اور پاکستان کے غدار ہیں۔

قوم کیلئے سیکورٹی فورسز پر تنقید ناقابل برداشت ہے۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ حکمرا ن را کا نام لینے سے ڈرتے ہیں۔ حساس ایجنسیوں پر الزامات گہری سازش کے تحت لگائے گئے ہیں۔اچکزئی کے زہر آلود خیالات سے محب وطن پاکستانیوں کی دل آزاری ہو ئی ہے۔ وطن کی حقیقی محافظ خفیہ ایجنسیوں کے خلاف واویلا ملک کی جڑیں کاٹنے کے مترادف ہے۔ نواز شریف نے ملک کے غداروں کو گود میں بٹھا رکھا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا سارا خاندان شریک اقتدار ہے۔ وہ بھارت کی ایجنٹی چھوڑ دے۔ ناکام اور نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک بد امنی کی آگ میں جل رہا ہے۔