تعمیر قوم میں تعلیم ہی بنیادی ستون ہے ،اساتذہ قوم کے معمار ہیں‘ عبداﷲ خان سنبل

جمعہ 12 اگست 2016 20:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ آپ کے روشن چہرے، فراخ پیشانیاں اور بے مثال ذہانت اس بات کا ثبوت ہیں کہ آپ پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔ لاہور میٹرک بورڈ میں پہلی چار پوزیشنز حاصل کرکے ایک نیا ریکارڈ بنانے والے ڈویژنل پبلک اسکول لاہور کے طلبا و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تقسیم میڈلز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آج اپنی تاریخ کے مشکل ترین چیلنجز سے نبرد آزما ہے مگر ہر پاکستانی کا عزم ہے کہ وہ اپنی آزادی و سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے چند ماہ کے دوران لاہور میں ہونے والے دو بڑے پراجیکٹس کی افتتاحی تقاریب میں میٹرک لاہور بورڈ میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات گیسٹ آف آنر ہوں گے اور وزیراعلی پنجاب کے تعلیمی ویژن کے مطابق ان ہونہار طلبا و طالبات کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژنل پبلک اسکول کی پرنسپل شہلا ملک، اساتذہ اور طلبا و طالبات کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر قوم میں تعلیم ہی بنیادی ستون ہے اور اساتذہ قوم کے معمار ہیں۔

والدین اور اساتذہ کی توجہ اور لگن کے بغیر ایسے بے مثال نتائج ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات پاکستان کا سنہرا مستقبل ہیں۔ سال 2016ء کے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں رانا عمر فرحان 1087/1100 نے پہلی پوزیشن، محمد شایان وحید 1086 نے دوسری پوزیشن، سید مومن علی اور حسنین 1085 نے تیسری پوز یشن جبکہ رمیشہ طاہر نے 1082 نمبر حاصل کرکے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

ان تمام طلبا و طالبات کا تعلق ڈویژنل پبلک اسکول لاہور سے ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل ڈی پی ایس کے بورڈ آف گورنرز کے صدر بھی ہیں۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے طلبا و طالبات کو میڈلز پہنائے اور ان کے والدین کو پھولوں کے گلدستے پیش کی۔ تقریب میں پرنسپل ڈی پی ایس شہلا ملک، ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری امجد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل آمنہ رفیق ملک، اے سی پروٹوکول منور بخاری و دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :