Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کا پندرہ اگست کو وزیراعظم کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکا اعلان

ٹی او آرز پر حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو تیار ہیں ورنہ مزید نشستیں بے معنی ہوں گی ٗ(کل) پروگرام کے مطابق ریلی نکالی جائے گی ٗ شاہ محمود قریشی

جمعہ 12 اگست 2016 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے پندرہ اگست کو وزیراعظم کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ٹی او آرز پر حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو تیار ہیں ورنہ مزید نشستیں بے معنی ہوں گی ٗ(کل) ہفتہ کو پروگرام کے مطابق ریلی نکالی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر خان ترین، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، سیف اﷲ خان نیاز، شیریں مزاری، نعیم الحق،مراد سعید، فیصل جاوید خان، نعیم بخاری،علیم خان، اسحاق خاکوانی سمیت اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ تیرہ اگست کو راولپنڈی تا اسلام آباد احتساب ریلی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ نوازشریف دہشت گردی کے خلاف عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنے میں ناکام رہے ہیں اگر نیشنل ایکشن پلان پر صیح معنوں میں عمل کیا جاتا تو کوئٹہ حملے میں بلوچستان کی ایک پوری نسل بربریت کا شکار نہ ہوتی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور نہ ہی آپریشن کے متاثرین کی واپسی کے لئے اقدمات ہوتے نظر آ رہے ہیں ٗ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی نگرانی کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کی باتیں کی جا رہی ہیں ٗ ہمارا مطالبہ ہے پارلیمنٹ ٹاسک فورس پر نظر رکھے ایک سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ٹی او آرز پر حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو تیار ہیں ورنہ مزید نشستیں بے معنی ہوں گی۔

(کل) ہفتہ کو پروگرام کے مطابق ریلی نکالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آرٹیکل 62، 63 پر ایک ریفرنس تیار کر لیا ہے پندرہ اگست کو اسپیکر آفس میں جمع کرایا جائے گا۔ کرپشن اور پاناما کے مسئلے پر ہم اپوزیشن پارٹیز کے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں اگر ساتھ دیں تو طاقت میں اضافہ ہو گا۔ اپوزیشن جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ بھی احتجاج میں اپنا حصہ ملائیں صرف بیانات تک نہ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے اور اب کومبنگ آپریشن میں بھی خاطر خواہ کامیابیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مختلف امور زیر بحث آئے ہیں ، نیشنل ایکشن پلان پر حکومت کی کارکردگی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں کہ حکومتی کارکردگی کیا رہی ہے اور اگر ناکامیاں ہوئی ہیں تو کیوں ہوئی ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی میں بات کرنے کی کوشش کی تو سرکاری ٹی وی نے تقریر نشر نہیں کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات