وزیر تعلیم خیبرپختونخوا کی شعبہ تعلیم کیلئے مختص کردہ فنڈز کا 100فیصد استعمال یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 12 اگست 2016 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے محکمے کے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ گزشتہ دو سالوں کی مثالی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے شعبہ تعلیم کے لئے مختص کردہ فنڈز کا 100فیصد استعمال کرکے بجٹ اہداف کا حصول یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔

انہوں نے ملک کی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج اور سٹینڈرڈائزڈ سکولوں سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں محکمے کے بجٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم شہزاد بنگش، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری شاہد سہیل، تعلیمی بورڈزاور ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمینوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمے نے بجٹ کے لئے پہلے ہی سے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور اب تک جاری کردہ بجٹ کا 40فیصدخرچ کر چکا ہے اگر فنڈز بروقت جاری کر دیئے گئے تو ان کا بروقت اور مقررہ مدت میں استعمال یقینی بنادیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے سرکاری سکولوں میں پلے گراؤنڈز پربھی کا م تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ دوسرے محکموں پر انحصار کرنے کی بجائے خودانہیں اپنی نگرانی میں مکمل کریں کیونکہ اس اہم منصوبے میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

انہوں حکام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی نئی پالیسی پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ نیا خیبر پختونخوا بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکے۔ عاطف خان نے کہا کہ اگر بجٹ اہداف کے حصول میں کسی بھی مرحلے پر کسی مشکل یا رکاوٹ کا سامنا ہو تو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ بروقت ازالہ ہو سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہماری تعلیمی پالیسی کا ہدف صرف اور صرف سرکاری سکولوں کا معیار بہتر کرنا اور غریب بچوں کو ان کی دہلیزپرمعیاری تعلیم دینا ہے جس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ عنوان :