مرکزی حکومت وفاق عوام کا صبرمزید نہ آزمائے اور ظلم کرنا چھوڑ دے ،مظفرسید

اٹھارہویں آئینی ترمیم کی روح کے عین مطابق صوبوں کے وسائل حقیقی معنوں میں انکے حوالے کرے ،وزیرخزانہ خیبرپختونخوا

جمعہ 12 اگست 2016 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وفاق عوام کا صبرمزید نہ آزمائے اور ظلم کرنا چھوڑ دے اٹھارہویں آئینی ترمیم کی روح کے عین مطابق صوبوں کے وسائل حقیقی معنوں میں انکے حوالے کرے تاکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کسی صوبے یا گوشے میں عوام کے ذہنوں میں احساس محرومی اور حکمرانوں سے نفرت کے جذبات جنم نہ لینے پائیں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اتحادی حکومت کے ساتھ ساتھ انکی پارٹی جماعت اسلامی نے بھی مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق کی زیر قیادت کرپشن کے خلاف مہم شروع کی ہے جسے ملک گیر پذیرائی ملی ہے ہم خیرپختونخوا میں تعمیر و ترقی کا سفر ہرقیمت پر اور دن رات ایک کرکے جاری رکھیں گے وہ ضلع دیر پائیں کے باغ، بخت بلندہ، مانڑوگے اور انزرکنڈاؤ میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جن سے دیگر مقامی سیاسی و سماجی زعماء نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مقررین نے صوبائی حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے قیام امن اور کرپشن کے انسداد کیلئے بنیادی کام کیاہے اورسرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر ہونے کی وجہ سے تمام محکموں میں شہریوں کی عزت ہونے لگی ہے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ ضلع دیر پائیں سمیت پورے ملاکنڈڈویژن کے کوہستانی علاقے اور ہمارے میدانی علاقے نوشہرہ، پشاور اور چارسدہ ہمیشہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی زد میں ہوتے ہیں جس سے مستقل نجات کیلئے ہماری حکومت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے ملاکنڈ ڈویژن میں ڈیموں اور پن بجلی منصوبوں کے ذریعے سیلابی نقصانات پر قابو پانے کے علاوہ لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آئے گی جبکہ وادئی پشاور و نوشہرہ کے میدانی علاقوں میں سیلاب پر کنڑول کیلئے چار ارب روپے کی لاگت سے دریاؤں کے دونوں اطراف میں ایسے مضبوط اور کشادہ حفاظتی بند تعمیر کئے جارہے ہیں جو کبھی نہیں ٹوٹیں گے اور نہ ہی سیلاب کا پانی واپس قریبی دیہات میں نقصانات کا باعث بنے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری اور غربت ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہم نے سستی بجلی پر مبنی صنعتی و معاشی ترقی کا جامع منصوبہ بنایا ہے اسکی بدولت پنجاب کے چلتے کارخانے بھی یہاں منتقل ہو جائیں گے اور تمام بڑے شہروں کے قریب صنعتی بستیوں میں لاکھوں تعلیم یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا جبکہ صوبے کی صنعتی پیداواربھی ترقیافتہ ممالک کے معیار پر آجائے گی مظفر سید ایڈوکیٹ نے دیر پائیں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ ان کے بھر پور اعتماد کی بدولت وزیر ہیں انکے حلقے کے عوام نے ان سے کبھی ناجائز توقعات نہیں رکھیں بلکہ انہیں حق کیلئے جدوجہد پر آمادہ کیاانہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف جہاد کا آغاز کیا اور آج سینکڑوں پٹواری اور دیگر ملازمین صرف اس وجہ سے معطل ہوئے یا جیلوں میں سڑ رہے ہیں کہ وہ اپنی عادت سے مجبور ہو کربدعنوانی سے باز نہیں آئے اور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اس موقع پر وزیرخزانہ نے لوگوں سے بھی ہاتھ اٹھوا کر حلف لیا کہ وہ اپنے جائز کاموں کیلئے کسی کو رشوت نہیں دینگے جبکہ ناجائز کام کرانے سے قطعی گریز کرینگے تا کہ ہم بھی دوسری قوموں کی طرح ترقی کر سکیں انہوں نے کہا کہ رواں سال پورے صوبے میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل ہونگے البتہ عوام ان سکیموں پر نظر رکھیں اور کسی بھی خرابی کی شکایت ہمیں پہنچائیں تا کہ انکا کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :