ممنوعہ جگہوں میں جانے پر اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی نے بھارتی وزیر کھیل کے ایکریڈیشن منسوخ کرنے کی دھمکی دیدی

وجے گوئل نے ساتھیوں کیساتھ ان جگہوں پر جانے کی کوشش کی جہاں کا انکے پاس ایکریڈشن کارڈ نہیں تھا،اولمپکس کمیٹی

جمعہ 12 اگست 2016 20:19

ممنوعہ جگہوں میں جانے پر اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی نے بھارتی وزیر کھیل ..

ریو ڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء) ریو اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی نے بھارتی وزیر کھیل وجے گوئل کے ایکریڈیشن کارڈ کو منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے۔آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ریو میں بھارتی وزیرِ کھیل وجے گوئل اور ان کے بعض ساتھی اپنا جارحانہ اور ترش برتا ترک نہیں کرتے تو ان کے ایکریڈیشن کارڈ کو منسوخ کر دیا جائے گا۔

کمیٹی کا الزام ہے کہ وجے گوئل نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ ان جگہوں پر جانے کی کوشش کی جہاں جانے کے لیے ان کے پاس ایکریڈشن کارڈ نہیں تھا۔ریو اولمپکس میں برصغیر کے امور کی مینیجر سارا پیٹرسن نے انڈین ٹیم کے سربراہ راکیش گپتا کو ایک خط تحریر کر کے اس بارے میں شکایت بھی کی ہے۔ سارا پیٹرسن نے اپنے خط میں لکھا ایسی کئی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ انڈین وزیرِ کھیل ایسی جگہوں پر جانا چاہ رہے تھے جہاں جانے کی انھیں اجازت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

جب ریو اولمپکس کی انتظامیہ نے انھیں سمجھانے کی کوشش کی تو ان کا برتا سخت اور جارحانہ تھا۔انڈیا کے وزیرِ کھیل وجے گوئل نے یہ تنازع سامنے آنے کے بعد وضاحت پیش کی ہے۔انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا جہاں تک ان کی معلومات ہیں انھوں نے سارے اصول اور قواعد پر مکمل طور عمل کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کچھ غلط فہمی ہوگئی ہے کیونکہ ہم نے انتظامیہ کی جانب سے بتائے گئے تمام پروٹوکولز پر عمل کیا ہے۔انڈیا کی جانب سے ریو اولمپکس میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کا ایک بڑا وفد برازیل گیا ہے۔