لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد آہوں ،سسکیوں کے درمیان مقامی قبرستان میں سپردخاک

نمازجنازہ پرانی سبزی منڈی کے قریب نعمانی مسجد میں مفتی تقی عثمانی کی امامت میں اداکی گئی، سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

جمعہ 12 اگست 2016 19:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کوآہوں اور سسکیوں کے درمیان مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔قبل ازیں حنیف محمد کی نمازجنازہ بعد نماز جمعہ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع نعمانی مسجد میں مفتی تقی عثمانی کی امامت میں اداکی گئی۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

نمازجنازہ میں سندھ کے وزیر کھیل محمدبخش مہر،آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس، جاوید میانداد، معین خان، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان سمیت دیگر معروف شخصیات کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے نماز جنازہ ادا کی، نماز جنازہ کے بعد جاوید میاں داد نے حنیف محمد کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے نام سے اکیڈمی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حنیف محمد کئی عرصے سے کینسر کے موذی مرض سے جنگ لڑنے کے بعد جمعرات کی شام کراچی کے نجی اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے تھے، حنیف محمد نے بیوی، دو بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔

ماسٹر حنیف محمد کو12 روز قبل کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امدا دی گئی تھی جس کے بعد ان کی حالت قدرے بہتر ہوگئی تھی۔جمعرات کی دوپہر حنیف محمد کی دل کی دھڑکن 6 منٹ کیلئے بند ہوگئی تھیں لیکن معجزانہ طور پر چھ منٹ کے بعد ان کی دل کی دھڑکنیں بحال ہو گئیں تھیں ، جس کے بعد ان کی حالت مسلسل بگڑتی رہی اور شام 5 بج کر آٹھ منٹ پر وہ زندگی کی وکٹ پر لمبی اننگز کھیلنے کے بعد اپنے چاہنے والوں کو افسردہ کرگئے تھے۔