اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ملک بھر میں قائم غیر قانونی منی ایکسچینج آپریٹرز کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کی ضرورت ہے۔ گورنراسٹیٹ بینک

جمعہ 12 اگست 2016 18:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف آئی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ جمعہ کو مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد عملیش نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کے مابین جاری تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام قانونی امور کے حوالے سے دونوں اداروں کے مابین ہم آہنگی، اشتراک، ورکنگ ریلیشن شپ اور باہمی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید بہتر بتانے کے لئے رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے ایف آئی اے کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں قائم غیر قانونی منی ایکسچینج آپریٹرز کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے غیر قانونی ایکسچینج کاروبار کے سدباب کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔