فنکاروں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے ،آرٹس کونسل فنون لطیفہ کے فروغ ، فنکاروں کی فلاح و بہبود ،معیاری تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنیوالا اہم ادارہ ہے،، گورنر سندھ

ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے آرٹس کونسل کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے، عشرت العباد خان کی آرٹس کونسل کے وفد سے ملاقات

جمعہ 12 اگست 2016 18:24

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل فنون لطیفہ کے فروغ ، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور عوام کو یکساں معیاری تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم ادارہ ہے جس کے فروغ کے لئے اقدامات کرنا تمام ممبران کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے 6 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا جس نے آرٹس کونسل آف پاکستان کے سابق صدر احمد شاہ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی ، وفد کے دیگر اراکین میں پروفیسر اعجاز فاروقی ، منور سعید ، اقبال لطیف ، شہناز صدیقی اور حسینہ معین شامل تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس برس آرٹس کونسل کی سالانہ گرانٹ میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ اسے فنکاروں کے حوالے سے ایک مثالی ادارہ بنانا ہمارا عزم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے آرٹس کونسل کو ایک نمایاں مقام حاصل ہے اور نئی بلڈنگ کی تعمیر سے ان سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا ۔ انہوں نے آرٹس کونسل کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ مختلف فنون سے وابستہ ایسے فنکاروں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے جو مالی مشکلات کا شکار ہیں، ان کے علاج و معالجہ کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے فنکاروں اور سازندوں کی صلاحیتوں کے اعتراف کے لئے باقاعدگی سے تقریبات منعقد کی جائیں تاکہ انھیں اس بات کا احساس دلایا جاسکے کہ معاشرہ ان کے فن کی قدر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کسی بھی معاشرے کی پہچان اور ثقافتی سرگرمی اس معاشرے کے متحرک و فعال کردار کی آئینہ دار ہو تی ہے جبکہ یہ سرگرمیاں ان کی اپنی ثقافت سے والہانہ اظہار کی بھی عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ معاشرے میں ایک موئثر اور تعبیری سوچ بیدار کی جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :