کے الیکٹرک کی زائد بلنگ کی شکایتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا

وفاقی محتسب ِ اعلیٰ کے دفتر میں صارفین کی درخواستوں کے انبار لگ گئے ہیں، محمد یامین ایڈوائزر وفاقی محتسب

جمعہ 12 اگست 2016 17:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) وفاقی محتسب اعلیٰ ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہا ہے کہ Kالیکٹرک کی زائد بلنگ کی شکایتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا یہی وجہ ہے کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کے دفاتر میں غریب صارفین کی درخواستوں کے انبار لگ گئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے Kالیکٹرک کی اضافی بلنگ کے خلاف غریب شہریوں کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب ِ اعلیٰ سلمان فاروقی کی ہدایت پر ترجیحی بنیاد پر غریب شہریوں کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف فراہم کیا جارہا ہے۔ درخواست گذار سید حیدر عباس نے محتسب عدالت کو بتایا کہ اس کے گھر میں 5میٹر ہیں جن میں سے 4میٹروں کے بل میں حد درجہ اضافہ ہے جس کو بھرنے سے وہ قاصر ہے جس پر محتسب عدالت مذکورہ میٹروں کا سالِ گذشتہ کا بل چیک کیا اور اس کے مطابق اسی ایورج سے بل ادا کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

درخواست گذار منظور حسین نے بتایا کہ میں Kالیکٹرک کی زائد بلنگ کا شکار ہوں غریب آدمی ہوں بل کی ادائیگی میرے بس سے باہر ہے محتسب عدالت نے Kالیکٹرک کے نمائندے کو حکم دیا کہ ان کے گھرکا فریش سروے کیا جائے اور لوڈ چیک کرکے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ بجلی کے استعمال کا صحیح طور پر جائزہ لیا جاسکے۔ مدعیہ ناہید رؤف کی نمائندگی ان کے شوہر نے کی اور بتایا کہ ہمارے گھر کا میٹر باہر لگاہوا ہے جہاں بجلی چوری کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا لیکن پھر بھی اضافی بلنگ سے پریشانی کا سامنا ہے محتسب عدالت نے بل سے (IRB)کا خاتمہ کرکے فوری انصاف فراہم کردیا۔

مدعی عابد حسین نے محتسب عدالت کو بتایا کہ میں جائز بل کی ادائیگی کیلئے تیار ہوں اضافی بلنگ کا خاتمہ کیا جائے جس پر ایڈوائزر محمد یامین نے Kالیکٹرک کے نمائندے کو ان کے گھر کا لوڈ چیک کرکے بل جاری کرنے کا حکم دیا۔ مدعی عبدالحق نے کہا کہ میں باقاعدگی سے بل بھرتا ہوں لیکن پھر بھی اضافی بل بھیج دیا گیا محتسب عدالت نے Kالیکٹرک کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لیا اور گذشتہ دوسالوں کی بلوں کو چیک کرنے کے بعد اضافی بلنگ کا خاتمہ کردیا اس موقع پر صارف نے عدالت سے استدعا کی کہ بل میں مزید کمی کردی جائے جس پر ایڈوائزر وفاقی محتسب نے کہا کہ آپ بجلی کا استعمال مزید کم کردیں تاکہ بل بھی کم آئے جو بجلی آپ نے استعمال کی ہے اس کا بل تو آئے گا۔

درخواست گذار محمد نواز آصف نے بتایا کہ بجلی تو ملتی نہیں لیکن باقاعدگی سے اضافی بلنگ کے ساتھ بل مل جاتا ہے میرے ساتھ انصاف کیا جائے جس پر محتسب عدالت نے Kالیکٹرک کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔ مدعی عزیزاﷲ بورو نے اضافی بلنگ کی شکایت کی تو محتسب عدالت نے سابقہ بلوں کو چیک کرنے کے بعد اضافی بلنگ کا نہ صرف خاتمہ کردیا بلکہ بقیہ رقم کو 12قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا۔ محتسب عدالت نے دیگر درخواستوں کی سماعت بھی کی اور بجلی صارفین کو فوری انصاف فراہم کرکے عدالت برخاست کردی۔

متعلقہ عنوان :