قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی چیئرپرسن کا عہدہ خالی ہے ‘ قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے تین نام پارلیمانی کمیٹی بھجوائے جائینگے ‘زاہد حامد

جمعہ 12 اگست 2016 15:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ قومی کمیشن برائے مقام خواتین کی چیئرپرسن کا عہدہ خالی ہے ‘ قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے تین نام پارلیمانی کمیٹی بھجوائے جائینگے ‘ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ چیئرپرسن کے انتخاب کے لئے پارلیمانی کمیٹی سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی جائے گی جس میں 50 فیصد اراکین حکومتی اور پچاس فیصد حزب اختلاف کی جماعتوں سے ہونگے۔

اس میں ایک تہائی اراکین کا انتخاب سینٹ سے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین کی تقرری کا فیصلہ ایک ماہ میں متوقع ہے۔ وزیراعظم نے منشور کی منجملہ تجاویز پر غور کرنے کے لئے وفاقی وزیر قانون و انصاف کی سربراہی میں قانونی اصلاحات کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے بتایا کہ فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے‘ شہریوں کو فوری اور سستے انصاف کے لئے تمام دیوانی مقدمات کی ابتدائی سماعت ایک سال کے اندر کرنے ‘ روزانہ کی بنیاد پر سماعت‘ عدالتوں کے اوقات کار میں اضافے‘ شام کی عدالتوں سمیت دیگر تجاویز شامل ہیں۔

بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں وزیر قانون زاہد حامد نے بتایا کہ غریب لوگوں کے لئے انصاف تک رسائی کے فنڈز یا بار کونسل سے مفت قانونی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ اس وقت ای 10 متعارف کرانے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے، اس کی مانگ اور دستیابی نہیں اس کی قیمتیں بھی پٹرول کے برابر ہی ہیں، ہم پھر بھی اس بارے میں تجویز دیکھ لیں گے۔

حکومت کے اقدامات میں ملک میں پٹرول انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہے۔ شکیلہ لقمان کے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سونے اور تانبے کے ذخائر سے وفاق کا تعلق نہیں یہ صوبوں کے دائرہ کار میں آتا ہے، اس کے لئے پٹے پر گرانٹ کے لئے ایگزیکٹو اتھارٹی صوبوں کا اختیار ہے۔وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے کو کوہالہ سے ملانے کے لئے چیجانہ اور پری بانڈی ایکسپریس وے کے قابل عمل ہونے کے جائزے اور تفصیلی ڈیزائن پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

مجوزہ لوئر ٹوپہ کوہالہ ایکسپریس وے براستہ چیجانہ 48 کلو میٹر دوہری کیرج وے کی توسیع ہوگی۔ پی سی ون کی منظوری کے بعد رقوم کے دستیاب ہونے پر یہ منصوبہ تین سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ایوان کوبتایاگیا کہ الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے رائے دہی کے ایک قابل عمل‘ موثر اور شفاف طریقہ کار مرتب کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی برائے سمندر پار رائے دہی تشکیل دی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی رائے دہی پر عملدرآمد کے جائزہ کا انعقاد بھی کیا ہے۔

اس معاملے میں مزید پیشرفت کے لئے قانون سازی درکار ہے لہذا پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا فیصلہ اور پارلیمانی کی جانب سے قانون سازی سے اس مسئلے کا حل نکالیں گے۔بتایا کہ پشاور کراچی موٹروے کی سکھر ملتان سیکشن پر 294 ارب روپے خرچ ہونگے اس موٹروے سیکشن پر 13 انٹرچینج تعمیر کئے جائیں گے۔وزارت پٹرولیم کی جانب سے بتایا گیا کہ باقی فریقین نے ٹی پی سی ایل کے سرمائے کے حصص کا پانچ فیصد لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ کمپنی 2016ء کے آخر تک فنانشل کلوز حاصل کرے گی جس کے بعد اس منصوبے پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہوگا۔ 2020ء کے آخر میں اس کی تکمیل کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو روزانہ ایک ارب 32 کروڑ کیوبک فٹ گیس ملے گی۔

متعلقہ عنوان :