Live Updates

ملکی ترقی میں اقلیتوں کا ہم کردار ہے ،پی ٹی آئی ملک میں اکثریت اور اقلیت کے لئے یکساں نظام لانا چاہتی ہے، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالا دستی کے بغیر ملک میں تبدیلی ناممکن ہے

تحریک انصاف کے رہنما چودھری محمد سرور کا اقلیتو ں کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 11 اگست 2016 22:23

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے میں اقلیتوں اور بالخصوص مسیحی برادی نے اہم کردار ادا کیا ،اس ملک کی تعمیرو ترقی اور کامیابی میں اقلیتوں کا بہت بڑا رول ہے ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد اقلیتوں کو جو حقوق دینے کا وعدہ کیا لیکن آج بد قسمتی سے پاکستان میں اقلیتوں کو انکے حقوق نہیں دئیے جا رہے ،پی ٹی آئی ملک میں اکثریت اور اقلیت کے لئے یکساں نظام لانا چاہتی ہے آ ج پاکستان میں امیر کے لئے کوئی اور جب کے لئے غریب کے لئے کوئی اور قانون ہے جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالا دستی نہیں ہو گی اس وقت تک ملک میں تبدیلی ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو حافظ آباد کے نواحی گاؤں کلیانوالہ میں یوم اقلیت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ اقلیتی عوام کو دو ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے ایک ووٹ سے وہ عام انتخابات میں اپنے علاقے سے اپنا نمائندہ منتخب کریں اور دوسرے ووٹ سے وہ پارلیمنٹ کے لئے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں ،اقلیتی برادری کے نمائندے کا اختیار کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہونا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو ملازمتوں میں آبادی کے تناسب سے کوٹہ ملنا چاہیے،اقلیتی طلباء وطلابات کو تعلیمی اداروں میں دئیے جانے والے کوٹہ پر ہر ممکن طریقہ سے عمل ہونا چاہیے انکا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں امیر اور غریب کے لئے الگ الگ قانون ہیں جب تک سب کے لئے قانون برابر نہیں ہوگا اسوقت تک معاشرے میں بہتری نہیں آسکتی،جرم کرنے والال خواہ امیر ہو یا غریب جب اسے پتا ہو گا کہ اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی تب وہ دوبارہ جرم کرنے سے پہلے ضرور سوچے گاپاکستان میں جرم کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی اس لئے یہاں جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ لیڈر اور سیاستدان وہی ہے جو عوام کے دکھ،درد اور تکلیف کو سمجھتا ہو،جب وہ دوسروں کے بچوں کو اپنے بچے سمجھے وہی لیڈر ہو سکتا ہے۔میں سیاست میں پیسہ کے لئے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لئے آیا ہوں،1997میں برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار مجھے پارلیمنٹ کا ممبر منتخب کیا گیا تو وہاں اکثریت کے ساتھ ساتھ اقلیتوں نے بھی مجھے اس لئے ووٹ دئیے کہ انہیں پتا تھا کہ میں انکی بہتر انداز میں خدمت کرسکتا ہوں ،گوجرہ اور لاہور میں جب مسیحی برادری کے گھر جلائے گئے اور انکا اقتل کیا گیا تو میں برطانیہ سے سبھی مصروفیات چھوڑ کر اپنے مسیحی بہن بھائیوں کے پاس چلا آیا۔

جلسہ سے پی ٹی آئی کے ضلعی رہنماء چودھری شوکت علی بھٹی،چودھری شعیب اﷲ تارڑ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔پی ٹی آئی رہنماء چودھری سرور کا کلیانوالہ پہنچنے پر تپاک استقبال کیا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات