محکمہ روڈز حالیہ بارشوں کے دوران ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی سڑکوں کی مرمت کیلئے جلد سروے کرکے رپورٹ پیش کریں، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

جمعرات 11 اگست 2016 21:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے محکمہ روڈس کوہدایت کی ہے کہ وہ حالیہ بارشوں کے دوران حیدرآباد شہر ، لطیف آباد اور قاسم آباد میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی سڑکوں کی مرمت کیلئے جلد سروے کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ متاثرہ سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے اور بلا تعطل ٹریفک کی روانی جاری رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد سٹی ، لطیف آباد اور قاسم آباد تعلقوں کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا، معتصم عباسی نے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا ایک تاریخی شہر ہے اورضلعی انتظامیہ اس شہرکے تمام شعبوں میں بہتری کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ عوام الناس کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے، انہوں نے حیدرآباد کے چند اسکولوں میں جمع برساتی پانی کے حوالے سے خبر نشر ہونے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ا فسران کو ہدایت کی کہ وہ حیدرآباد کے اسکولوں کا دورہ کریں اور وہاں جمع برساتی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے اسپرے بھی کیا جائے تاکہ طالبعلموں کو وبائی امراض سے محفو ظ رکھا جا سکے۔