چیئرمین ایچ ای سی، وائس چانسلرز نے یکجہتی کاروان کوئٹہ روانہ کر دیا

جمعرات 11 اگست 2016 21:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ایچ ای سی کی اعلٰی انتظامیہ اور جامعات کے وائس چانسلرز نے راوالپنڈی۔اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیرکی جامعات کے400 سے زائدطلباء پر مشتمل یکجہتی کاروان کو جمعرات کے دن راوالپنڈی ریلوے اسٹیشن سے روانہ کر دیا۔ کاروان علی الصبح پشاور سے خصوصی ٹرین کے ذریعے تقریباََ 200طلباء کو لے کر روانہ ہوا تھا۔

یکجہتی کاروان کی مزید دو ٹرینیں لاہور اورکراچی سے بھی طلباء کو لے کر روانہ ہوئیں۔ کاروان کے تمام شرکاء بروز جمعہ کوئٹہ میں اکٹھے ہونگے اور بعد ازاں جامعہ بلوچستان کی طرف سے منعقدہ تین روزہ جشنِ آزادی کی تقاریب میں شامل ہوں گے۔ طلباء کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، چئیرمین ایچ ای سی نے یومِ آزادی بلوچستان کے باسیوں کے ساتھ منانے کے لئے کوئٹہ جانیوالے طلباء کے جوش اور ولولے کی تعریف کی اور کہا کہ اس سرگرمی سے اندرونی و بیرونی دشمن کو واضح پیغام ملے گا کہ پوری قوم دشمنانِ پاکستان کے عزائم کے خلاف متحد ہے اور مل جُل کر اُن کا مقابلہ کرنے اور ملک کو مستحکم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامعات کی انتظامیہ کی طرف سے طلباء کویہ تاریخی دن برادرانِ کوئٹہ کے ساتھ منانے کے لئے فراہم کردہ سہولیات کو بھی سراہا ۔ کاروان کے طلباء بلوچستان میں مختلف تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور بلوچستان اسمبلی کا دورہ کریں گے۔ طلباء نوجوانوں کے لئے منعقد کئے جانے والے ’’بلوچستان ۔روشن افق کی طرف گامزن‘‘ سیمینار میں بھی شرکت کریں گے جبکہ قائداعظم ریذیڈنسی کے دورہ کے علاوہ پاکستان آرمی کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ اِس کے علاوہ طلباء 14اگست کی خصوصی تقریب اور دیگر تقاریب میں بھی شریک ہونگے۔

متعلقہ عنوان :