قوموں پر آزمائشیں اورمشکلات آتی رہتی ہیں لیکن زندہ قومیں ان کا مردانہ وار مقابلہ کرتی ہیں اور اپنی تاریخ خود لکھتی ہیں، ریحانہ لغاری

جمعرات 11 اگست 2016 21:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) وزیراعلی سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ قوموں پر آزمائشیں اورمشکلات آتی رہتی ہیں لیکن زندہ قومیں ان کا مردانہ وار مقابلہ کرتی ہیں اور اپنی تاریخ خود لکھتی ہیں،پاکستان اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے ،دہشتگردی،پولیو،اورناخواندگی اس وقت کا سب سے بڑاچیلنج ہے،شہری ان ناسوروں کے خاتمے میں حکومت کا بھرپورساتھ دیں، سندھ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی ہرسطح پر خدمت کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے اپنے محکمہ انسانی حقوق سندھ کے کراچی دفتر میں غریب و مستحق لوگوں میں مالی امدادی چیکس کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

۔تقریب میں سیکریٹری قانون، پارلیمانی افیئرز اورانسانی حقوق پرکاش لال، ڈائیریکٹر محکمہ انسانی حقوق سندھ منصور احمد راجپوت سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

ریحانہ لغاری نے کہا کہ دہشتگردی پاکستان کا سب سے بڑاچیلنج ہے جس کے خلاف پوری قوم متحد ہے لیکن کچھ کالی بھیڑیں اوربیرونی عناصر دہشت گردی کومسلسل ہوا دے رہے ہیں جن کی نشاندہی انتہائی ضروری ہے ،اکیسویں آئینی ترمیم اورقومی ایکشن پلان اس وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر تمام لوگ متفق ہیں،شہری اپنے گردونواح پر نظررکھیں اور غیرمتعلقہ شخص اورمشکوک سرگرمی کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کواطلاع دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے خاص ہدایت ہیں کہ محکمہ انسانی حقوق صوبے میں فعال اورنمایا کردار ادا کرے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔انھوں نے مزیدکہا کہ محکمہ انسانی حقوق اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی مختلف شعبوں میں خدمت کررہا ہے اورآج کی یہ تقریب اس بار کی عکاس ہے، اس خدمت کا سلسلہ مزید آگے بڑھایا جائے گا، محکمہ کے پاس غریب و مستحق عوام کی مالی امداد کے لیے سہولیات کم ہیں جن کو مستقبل میں بڑھانے کی کوشش کی جاسکے گی جبکہ صحت کے شعبہ میں فری میڈیکل کیمپس، ادویات اور ماہرامراض سے مفت مشوروں کا سلسلہ صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری ہے تاہم اس سلسلے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ انسانی حقوق محدود وسائل میں عوام کو قانونی مدد بھی فراہم کررہا ہے جس سے کافی لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے سندھ کے عوام کی بھرپور خدمت کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں اور تمام وزراء اورعوامی نمائندگان کی کوشش ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور شعبوں میں عوام کی بھرپور خدمت کریں،خدمت پیپلزپارٹی کا شروع دن سے تصب العین رہا ہے اور بانیان پیپلزپارٹی نے بھی کارکنان کو یہی درس دیا ہے۔