پی ایس ایکس میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکس مزید 55.72 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 39861.60 پوائنٹس پر بند

جمعرات 11 اگست 2016 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 55.72 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 39861.60 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں7 ارب 68 کروڑ 1 لاکھ 49 ہزار 706 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ خرید و فروخت میں بھی 14 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 850 حصص کی تیزی رہی جبکہ تجارتی حجم میں 94 کروڑ 46 لاکھ 72 ہزار 224 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر تا جمعرات کے ایس ای میں مجوعی طور پر 471.39 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو بھی پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 55.72 پوائنٹس کے اضافے سے 39861.60 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 100 انڈیکس میں بدھ کو 142.17 پوائنٹس، منگل کو 187.54 پوائنٹس اور پیر کو 85.96 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جمعرات کو بھی دیگر انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 38.85 پوائنٹس کے اضافے سے 22888.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مزیدبرآں کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 25.80 پوائنٹس کی تیزی رونماء ہوئی تاہم کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 126.53 پوائنٹس کی کمی رہی۔ دریں اثناء بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 239.03 پوائنٹس کی تیزی سے 17207.44 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 18.85 پوائنٹس کی مندی سے 15370.22 پوائنٹس پر بند ہوا۔

آل شیئر اسلامک انڈیکس 20.03 پوائنٹس کے اضافے سے 18502.85 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 397 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 190 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 186 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی رفحان میز پروڈکٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 166.43 روپے کے اضافے سے7477.43 روپے پر بند ہوئی۔

اسی طرح یونی لیور فوڈز کے حصص کی سودے بھی 136 روپے کی تیزی سے 5480 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی پیلپس فورس پاکستان اور کالگیٹ پام اولیو کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ پیلپس فورس پاکستان کے حصص کی قیمت 58.87 روپے کی مندی سے 1411.13 روپے اور کالگیٹ پام اولیو کے حصص کی قیمت بھی 49.60 روپے کی کمی سے 1449.40 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 11 کروڑ 1 لاکھ 3 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 9 روپے سے شروع ہو کر 8.81 روپے پر بند ہوئی جبکہ دیوان سلمان کے 3 کروڑ 76 لاکھ 82 ہزار 500حصص کے سودے 3.55 روپے سے شروع ہو کر 3.18 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 38 کروڑ 50 لاکھ 14 ہزار 360 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 13 ارب 27 کروڑ 16 لاکھ 91 ہزار 883 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 79 کھرب 32 ارب 84 کروڑ 25 لاکھ 78 ہزار 899 روپے سے بڑھ کر 79 کھرب 40 ارب 52 کروڑ 27 لاکھ 28 ہزار 605 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 127 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 25 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 2 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 4 کروڑ 53 لاکھ 86 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔