امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار

جمعرات 11 اگست 2016 18:33

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) امریکی ریاست نیویارک میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق 20 سالہ شخص نے نیویارک میں 58 منزلہ 'ٹرمپ ٹاور' پر لگے شیشے سے سکشن کپس کے ذریعے اوپر چڑھنا شروع کیا۔کچھ دیر بعد لوگوں نے اس شخص کو اوپر چڑھتا دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے نیچے لوگوں کا رش لگ گیا۔

پولیس نے عمارت کی 21 ویں منزل پر اس شخص کو پکڑ لیا اور بحفاظت نیچے لے آئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کسی کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتا تھا اور اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک ریسرچر ہے اور اس کا تعلق ورجینیا سے ہے۔گرفتار شخص نے مزید بتایا کہ اس کا مقصد امریکی صدارتی امیدوار سے تنہائی میں ملاقات کرنا تھا اور وہ انہیں کچھ خفیہ اور اہم معلومات دینا چاہتا تھا تاہم اس پیغام کے بارے میں اس نے کچھ نہیں بتایا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 'ٹرمپ ٹاور' ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ بھی ہے اور یہیں سے ان کی انتخابی مہم کے سارے معاملات چلائے جاتے ہیں۔جس وقت مشتبہ شخص نے عمارت میں چڑھنے میں کوشش کی اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ وہاں موجود نہیں تھے اور انتخابی ریلی میں شرکت کیلئے نیویارک سے باہر گئے ہوئے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے شخص کا طبی معائنہ کرانے کیلئے قریبی ہسپتال لے جایا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اس کا ذہنی توازن درست ہے یا نہیں۔

ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ مائیکل کوہن نے کہا کہ اس شخص نے انتہائی خطرنات اور احمقانہ حرکت کی تاہم مجھے امید تھی کہ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ اسے پکڑ لے گا۔رپورٹس کے مطابق اس شخص نے چند روز قبل یوٹیوب پر ایک وڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں اس نے ٹرمپ ٹاور پر چڑھنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔اس نے اپنے وڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسا ان کی توجہ حاصل کرنے کیلئے کرے گا ساتھ ہی اس نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیں۔

متعلقہ عنوان :