پاک سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی مزید سخت ، تمام سرکاری افسروں کی پرائیویٹ گاڑیوں کیلئے سیکیورٹی سٹکرز لازمی قرار

وزارت داخلہ کی بیوروکریسی پاک سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے سرکاری افسروں کیلئے سیکیورٹی سٹکرز کے اجراء میں پسند و نا پسند کی پالیسی پر عمل پیرا

جمعرات 11 اگست 2016 18:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) پاک سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے تمام سرکاری افسروں کی پرائیویٹ گاڑیوں کے لئے سیکیورٹی سٹکرز کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کی بیوروکریسی پاک سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے سرکاری افسروں کی گاڑیوں کے لئے سیکیورٹی سٹکرز کے اجراء میں پسند و نا پسند کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گریڈسترہ اور اٹھارہ کے افسروں کے ساتھ امتیازی سلوک کرتے ہوئے گاڑیوں کئے لئے سٹکرز صرف گریڈ انیس ،بیس ، اکیس اور بائیس کے افسروں کو جاری کئے جاتے ہیں تاہم اس کے باجود کئی با اثرکلرکوں سمیت سترہ اوراٹھارہ گریڈ کے افسروں کو بھی سیکیورٹی سٹکرز جاری کئے جا چکے ہیں، ذرائع کے مطابق میڈیکل بنیادوں پر گریڈ سترہ اور اٹھارہ کے افسرکو بھی گاڑی کے لئے سیکیورٹی سٹکر جاری کیا جاتا ہے لیکن وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری سیکیورٹی اعتزاز الدین سٹکرز کے اجراء کے ایس او پی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور میڈیکل بنیادوں پر بھی افسروں کو سٹکرز جاری نہیں کئے جاتے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کلرک با اثر ہے تو اس کے سیکیورٹی سٹکر کی منظوری ایک ہی روز میں دے دی جاتی ہے جبکہ باقی افسروں کو سٹکرز کے حصول کے لئے ڈپٹی سیکرٹری سیکیورٹی کو سفارش کرانا پڑتی ہے۔

متعلقہ عنوان :