کہوٹہ، وٹی پھوٹی آزادپتن روڈ نے 2انسانی جانیں لے لیں

جمعرات 11 اگست 2016 18:19

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء ) ٹوٹی پھوٹی آزادپتن روڈ نے 2انسانی جانوں کا نذرانہ لے لیا ۔کہوٹہ کے قریب حادثہ کشمیر سے راولپنڈی جانے والی کوسٹر AJK-652بڑاٹھیاں کے مقام پر سڑک خراب ہونے کی وجہ سے سلپ ہوکر 20فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں ایک 2سالہ بچی سمیت2افراد جان بحق جبکہ ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے جن میں سے چھ شدید زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہوٹہ لایا گیا۔

حادثے میں تقریباً70سالہ عبدالمجید اور 2سالہ آئمہ شامل ہے۔ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ایم ایس کہوٹہ ڈاکٹر مہر اختر بلوچ کی نگرانی میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اس موقع پر سول ڈیفنس کے اہلکارعبد الشکور کھٹڑ، راجہ جاوید سلطان،ملک امجد محمود ،اظہر خان اور شہری بھی ہسپتال میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

جائے حادثہ پر ایس ایچ او تھانہ کہوٹہ سردار ذوالفقا ر نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نکالا ۔

زخمیوں میں محمد صغیر ولد محمد صدیق، عامر نذیر ولد محمد نذیر چکلالہ، نسرین اختر زوجہ محمد جمیل گڑالہ، زین ولد محمد صدیق، شاہ زیب ولد محمد صدیق اور دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ آزاد پتن روڈ جس کا ٹھیکہ این ایل سی کمپنی کے پاس ہے انہوں نے اس آگے لوکل ٹھیکیداروں کو منتقل کر دیا ہے جنہوں نے جگہ جگہ سے سڑک اکھاڑ دی ہے جو 2کلومیٹر سڑک مکمل کرکے آگے چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثات رونماء ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :