اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے میاں بیوی میں ناراضگی ختم کروا کے ایک ساتھ بچوں کے ہمراہ گھر بھجوا دیا

دونوں کے درمیان چار ماہ سے علیحدگی تھی ٗ ماں نے بچوں سے ملاقات اور حوالگی کیلئے درخواست دائر کی تھی

جمعرات 11 اگست 2016 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست ۔2016ء) اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے میاں بیوی میں ناراضگی ختم کروا کے انہیں ایک ساتھ بچوں کے ہمراہ گھر بھجوا دیا۔ دونوں کے درمیان چار ماہ سے علیحدگی تھی اور ماں نے بچوں سے ملاقات اور حوالگی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے گھریلو ملازمہ زلیخا بی بی کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کا شوہر محنت مزدوری کرتا ہے جس نے مار پیٹ کر اس کو گھر سے نکال دیا اور بچے بھی چھین لیے ہیں جن سے ملاقات نہیں کرنے دے رہادرخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ بچوں سے ملاقات کرائی جائے اور انہیں ماں کے حوالے کرنے کا حکم سنایا جائے۔

عدالتی حکم پر درخواست گزار کا شوہر عبدالعزیز اور بچے عدالت میں پیش ہوئے ۔تھانہ سبزی منڈی پولیس نے پانچ سالہ فائزہ اور دس سالہ سجاول کو عدالت کے سامنے پیش کیا۔ جج نے سماعت کے بعد دونوں کے چیمبر میں بٹھا کر ریفریشمنٹ کرائی اور جھگڑا ختم کرنے پر رضا مند کر لیا ٗ چار ماہ کی علیحدگی کے بعد میاں بیوی اپنے بچوں کے ساتھ ایک ساتھ اپنے گھر روانہ ہو گئے ۔

متعلقہ عنوان :