قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی موبائل کمپنیز کے نمائندوں کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہم

کمیٹی پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے حوالے سے اتصالات کی جانب سے واجبات کو عدم ادائیگی پر برس پڑی اتصالات نے حکومت کے واجبات ادا نہیں کئے،حکومت اتصالات سے معاہدے سے ابتک واجبات بشمول مارک اپ موصول کرے،اگر اتصالات بر وقت ادائیگی کر دیتی تو ان پیسوں سے کوئی بڑا منصوبہ بن سکتا تھا ،چیئر مین کمیٹی افغان مہاجرین کی ابتک ایک لاکھ 47ہزار928 غیر تصدیق شدہ سمز بلاک کر چکے، ایک لاکھ 13 ہزار602 افغان مہاجرین کی سمز کی بائیو میٹرک تصدیق ہو چکی ، چیئر مین پی ٹی اے کی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

جمعرات 11 اگست 2016 18:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں چیئر مین کمیٹی کیپٹن (ر)محمد صفدر نے موبائل کمپنیز کے نمائندؤں کی کمیٹی میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے کام مکمل نہ ہونے پر مجھے سول جج کے اختیارات استعمال کرنے کا کہا ہے،اگرآ ئندہ اجلاس میں موبائل کمپنیز کے نمائندے نہ آئے تو پولیس کے ذریعے بلاؤں گا۔

کمیٹی پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے حوالے سے اتصالات کی جانب سے واجبات کو عدم ادائیگی پر برس پڑی،چیئر مین کمیٹی کا کہنا تھا کہ اتصالات نے حکومت کے واجبات ادا نہیں کئے،حکومت اتصالات سے معاہدے سے ابتک واجبات بشمول مارک اپ موصول کرے،اگر اتصالات بر وقت ادائیگی کر دیتی تو ان پیسوں سے کوئی بڑا منصوبہ بن سکتا تھا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس چیئر مین کمیٹی کیپٹن (ر)محمد صفدر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا،اجلاس میں کمیٹی ممبران کے علاوہ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان ،چیئر مین پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کمیٹی پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے حوالے سے اتصالات کی جانب سے واجبات کو عدم ادائیگی پر برس پڑی،رکن کمیٹی علی رضا عابدی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اتصالات سے جو واجبات لینے ہیں ،وہ پی ٹی سی ایل کی پر پرٹیز کی موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق لینے چاہیں، چیئر مین کمیٹی کا کہنا تھا کہ اتصالات نے حکومت کے واجبات ادا نہیں کئے،حکومت اتصالات سے معاہدے سے ابتک واجبات بشمول مارک اپ موصول کرے، اتصالات نے واجبات ادا کر نے کی بجائے پیسے بینکوں میں رکھے ہوئے ہیں، اتنی مدت میں تو حقیقی واجبات سے دوگنا منافع کما لیا ہوگا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی کیپٹن(ر) صفدر نے موبائل کمپنیوں کے نمائندوں کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے کام مکمل نہ ہونے پر مجھے سول جج کے اختیارات استعمال کرنے کا کہا ہے،اگرآئندہ اجلاس میں موبائل کمپنی کے مالکان نہ آئے تو پولیس کے ذریعے بلاؤں گا،چیئر مین کمیٹی نے ہدایت کی کہ موبائل ٹاورز پر جنریٹرز کے استعمال سے شہری فضائی آلودگی کے باعث پریشان ہیں، ٹاورزکو سولر پر منتقل کیا جائے۔

بعد ازاں چیئر مین پی ٹی اے اسماعیل شاہ نے افغان مہاجرین کو موبائل سم ایشو کے معاملے پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 13 ہزار602 افغان مہاجرین کی سمز کی تصدیق ہو چکی ہے،تمام سمز کی تصدیق بایومیٹرک سسٹم کے تحت کی گئی،ایک لاکھ 47ہزار928 سمز کی تصدیق نہ ہونے پر بلاک کیا گیا ہے