ملک سے 90 فیصد دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ‘ بچے کھچے بھی جلد انجام کو پہنچ جائیں گے، آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کر کے لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک حکام سے میٹنگ کروں گا،محمود اچکزئی کاسکیورٹی ایجنسیز بارے بیان ان کی ذاتی رائے ہے ‘ وہی وضاحت کریں

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

جمعرات 11 اگست 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے ‘ وہی اس کی وضاحت کریں ‘ 90 فیصد دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا ‘ بچے کچے بھی جلد انجام کو پہنچ جائیں گے۔ آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کر کے شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک حکام سے میٹنگ کروں گا۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ 90 فیصد دہشت گردوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کا ایک چھو ٹا سا گروہ رہ گیا ہے ان دہشت گردوں کا بھی جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ اگر خود اراکین پارلیمنٹ کو گالیاں دیں گے تو باہر والے کیسے عزت کریں گے۔ اداروں اور پارلیمنٹ کو مضبوط کیا جائے۔

تمام مسائل کا حل اسی پارلیمان سے نکلے گا۔ انہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزئی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے وہی اس کی وضاحت کریں۔ اس طرح کے بیانات سے اصل مسئلے سے توجہ نہ ہٹائی جائے۔ معاملات بگاڑ کی طرف نہ لے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کروں گا۔ کے الیکٹرک کے ساتھ تمام معاملات مل بیٹھ کر حل کئے جائیں گے