مراکش میں ٹڈاپ کی جانب سے پاکستانی آموں کا فیسٹیول

بڑی تعداد میں مقامی شہریوں نے شرکت کی اور پاکستانی آموں کو بے حد پسند کیا

جمعرات 11 اگست 2016 15:15

رباط( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست ۔2016ء ) مراکش میں پاکستانی سفارت خانے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کی جانب سے 2 روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی شہریوں نے شرکت کی اور پاکستانی آموں کو بے حد پسند کیا۔یہ فیسٹیول پاکستانی سفارت خانے اور ٹڈاپ کی جانب سے مراکش کے 4 شہروں کاسابلانکا، رباط، مراکش اور آغا دیر میں منعقد کیا گیا۔

فیسٹیول کے اسٹالز مختلف شاپنگ مالز میں لگائے گئے جہاں مقامی و غیر ملکی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ٹڈاپ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق فیسٹیول کو مثبت ردعمل ملا اور لوگوں نے پاکستانی آموں کو بے حد پذیرائی بخشی۔اس موقع پر مراکش میں تعینات پاکستان سفیر نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔ وہ لوگوں سے ملے اور ان کے سوالات کے جواب دیے۔ انہوں نے وہاں کی تاجر برادری سے بھی خطاب کیا اور پاکستان سے آم درآمد کرنے پر زور دیا۔فیسٹیول میں شریک تاجروں نے بھی پاکستانی آموں کی درآمد میں دلچسپی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ پاکستانی آموں کو دنیا بھر میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان آموں کی درآمد میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے اور یہ 56 ممالک میں برآمد کیے جاتے ہیں