حکومت حلقہ دو کی محرومیاں دور کریگی‘ ذوالفقار سلہریا‘ راشد میر

جمعرات 11 اگست 2016 15:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء )مسلم لیگ ن کے بانی رہنما ء وسابق امیدواراسمبلی ذاولفقار حسین سلہریا اور مرکزی رہنماء راشد میر نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت حلقہ نمبر دو کی پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے گی۔ حلقہ کے عوام نے چوہدری شہزاد محمودکو اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے ۔ پورے حلقے کے عوام ایم ایل اے نوجوان رہنما ء چوہدری شہزاد کی قیادت میں متحد ہیں۔

عوام اور کارکنان مسلم لیگ ن حلقہ دو کو یہ امید ہے کہ اگلے مرحلے میں چوہدری شہزاد کو بھی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے اہم وزارت دی جائے گی۔ اپنے بیان میں دونوں رہنماؤں ذاولفقار حسین سلہریا اور راشد میر نے مزید کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے تمام فیصلو ں پر لبیک کہیں گے۔

(جاری ہے)

بھاری مینڈیٹ کے ذریعے وجود میں آنے والی عوام کی اپنی حکومت تمام مسائل حل کرے گی۔

کارکنان کو صوابدیدی عہدوں پر میرٹ کیمطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا۔بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائیگا۔بلدیاتی ادارے فعال ہونے سے ریاست میں تعمیروترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ وفاق کی طرف سے بھی بڑے پیکج ملیں گے۔ بیروزگاری ختم ہو گی۔ اداروں پر عوام کاا عتماد بحال ہوگا۔ 5سالہ دورحکومت میں راجہ فاروق حیدر خان ریاست کو ماڈل سٹیٹ بنادینگے۔