بھارت میں ماں بننے پر 6 ماہ کی چھٹی دینے کا بل منظور

جمعرات 11 اگست 2016 14:55

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اگست ۔2016ء ) بھارتی کابینہ نے ماں بننے پر 6ماہ کی چھٹی دینے کا بل منظور کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے ایک اہم فیصلے کے تحت ملازمت پیشہ خواتین کو بچے کی پیدائش کے بعد تین ماہ کے بجائے چھ اب ماہ کی تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مرکزی کابینہ نے زچگی کے دوران ماں کو ملنے والی تعطیل تین ماہ سے بڑھا کر چھ ماہ کرنے کو منظوری دے دی ہے۔

حکومت نے ان خواتین کو بھی تین ماہ کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جو بچے کوگود لینا چاہتی ہوں۔غور طلب بات یہ ہے کہ ایسی خواتین کو جنھیں پیدائش کے بعد چھ ماہ کی چھٹی ملے گی انھیں ملازمت کے دوران ملنے والی تمام سہولیات، جیسے تنخواہ اور دیگر مراعات، بھی ملتی رہیں گی۔ حکومت نے 26 ہفتوں کی ملنے والی اس تعطیل کو پہلے دو بچوں کی پیدائش تک محدود رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اور تیسرے یا اس سے زیادہ بچے ہونے پر تعطیل کی مدت 12 ہفتے ہی ہوگی۔بھارت کی وزارت محنت چاہتی ہے کہ اس سے متعلق بل کو پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس میں پیش کیا جائے اور اسے منظوری مل جائے۔یہ قوانین ان تمام اداروں پر نافذ ہوں گے جس میں 10 یا اس سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔زچگی کے دوران چھٹی کے بل میں ہونے والی ترامیم سے تقریبا 18 لاکھ کام کرنے والی خواتین کو فائدہ پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :