حکومت کی نئی آٹو پالیسی کے بعد بند پلانٹ بحال ہونا شروع

دیوان فاروق موٹرز پانچ ماہ میں گاڑیوں کی پیداوار شروع کر دے گا

جمعرات 11 اگست 2016 13:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست۔2016ء)حکومت کی آٹو پالیسی کام کر گئی۔ گاڑیوں کے بند مینوفیکچرنگ پلانٹ بحال ہونا شروع ہو گئے۔ دیوان فاروق موٹرز پانچ ماہ میں گاڑیوں کی پیداوار شروع کر دے گا۔حکومت کی متعارف کردہ نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی کے باعث بند گاڑیوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹس بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دیوان فاروق موٹرز لمیٹیڈ کی بحالی پانچ ماہ میں متوقع ہے۔

کمپنی نے بحالی کے لئے درخواست جمع کرا دی ہے۔ بحالی کے بعد دیوان فاروق موٹرز کیا موٹرز اور سینگ ینگ موٹرز کے اشتراک سے پیداواری عمل شروع کرے گی۔ پہلے مرحلہ میں دیوان فاروق موٹرز ستمبر میں ایک ٹن سنگل وہیل شہ زور ٹرک کی پیداوار شروع کرے گی۔دوسرے مرحلہ میں ایک ٹن ڈبل ٹائر شہ زور ٹرک کی پیداوار رواں سال اکتوبر میں شروع ہو گی۔

(جاری ہے)

دیوان فاروق موٹرزآئندہ سال سے چینی کمپنی کے اشتراک سے مزید دو بڑی گاڑیاں بھی تیار کرے گی۔

چین کے ساتھ اشتراک سے کمپنی ڈیڑھ ٹن اور سولہ سو سی سی کے مزید دو ٹرک بھی مارکیٹ میں لائے گی۔ آئندہ تین سال میں مسافر گاڑیاں اور لائٹ کمرشل گاڑیاں بھی متعارف کروائی جائیں گی۔دوسری جانب انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے دیوان فاروق موٹرز کی بحالی کی درخواست کی جلد منظوری متوقع ہے۔ دیوان گروپ کی بحالی سے مقامی مارکیٹ میں گاڑیوں کی پیداواراور مسابقت کی فضا میں اضافہ ہو گا۔۔