فشریز کا علاقہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ

اگر صفائی نہ کی گئی تو برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں، سی فوڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

جمعرات 11 اگست 2016 13:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست۔2016ء) کراچی میں ہونے والی بارشوں کے باعث فشریز کے علاقے میں روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار جبکہ گٹر ابل رہے ہیں، پاکستان سی فوڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر صفائی نہ کی گئی تو برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں۔ ملکی برآمدات میں 45 کروڑ کا حصہ ڈالنے والا فشریز کا علاقہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ہے۔

ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ابلتے ہوئے گٹر اور کچرے کے ڈھیر تاجروں اور مزدوروں کے لئے مصیبت بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان سی فوڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبر اخلاق حسین کا کہنا ہے کہ گندگی کے باعث برآمدی مچھلیوں کا معیار خراب ہونے کا اندیشہ ہے جس سے یورپی منڈیوں میں مچھلیوں کی برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے دو روز میں مکمل صفائی کے احکامات جاری کئے تھے مگر کراچی فش ہاربر اتھارٹی خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے اور اس تمام صورتحال میں آنکھیں بند کئے ہوئے ہے، اگر وقت پر کوئی مناسب فیصلہ نہ کیا گیا تو مچھلیوں کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔

فش ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ فشریز کے علاقے میں گندگی کا نوٹس لیں۔۔

متعلقہ عنوان :