دبئی طیارہ حادثہ ، قسمت مہربان ہو تو ایسی، پہلے جان بچی، اب لاکھوں ڈالر

انعامی رقم خیرات نہیں کروں گا لیکن ضرورت مندوں کی مدد ضرور کروں گا،محمدبشیرعبدالقادر

جمعرات 11 اگست 2016 13:40

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 اگست۔2016ء) دبئی ایئر پورٹ پر جہاز کے حادثے میں محفوظ رہنے والے شخص پر چھ دن بعد ہی قسمت دوبارہ مہربان ہوئی اور لاکھوں ڈالر کی لاٹری جیت گئے۔جنوبی انڈیا کی ریاست کیرالہ کے رہائشی محمد بشیر عبدالقادر چھ دن پہلے ایمریٹس ایئر لائن کے اس جہاز میں سوار تھے جسے دبئی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد آگ لگ گئی تھی۔

جہاز میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت 300 افراد سوار تھے اور اس حادثے میں تمام افراد محفوظ رہے۔محمد بشیر عبدالقادر دبئی ڈیوٹی فری کی دس لاکھ ڈالر مالیت کی ملینیئم ملینیئر لاٹری جیتے ہیں۔61 سالہ عبدالقادر کیرالا میں عید کی چھٹیاں گزارنے کے بعد واپس دبئی آ رہے تھے۔خلیج ٹائمز اخبار کے مطابق عبدالقادر نے دبئی میں 36 برس کار ڈیلر کی نوکری کی اور انھیں گذشتہ برس ریٹائر ہو جانا تھا تاہم کمپنی نے اصرار کیا تھا کہ وہ مزید ایک برس تک ملازمت کریں۔

(جاری ہے)

عبدالقادرنے گلف نیوز کو بتایا کہ ’ان کی ہمیشہ سے عادت تھی کہ انڈیا واپسی پر لاٹری کی ٹکٹ لازمی خریدتے تھے اور یہ ان کی 17ویں لاٹری تھی۔’میں دبئی میں 37 برس سے کام کر رہا ہوں، اور میں ہمیشہ اسے اپنا ملک تصور کرتا ہوں۔انھوں نے بتایا کہ جب میں جہاز مے حادثے میں محفوظ رہا تو مجھے لگا کے اللہ نے دوسری زندگی دی ہے اور اب مجھے اس رقم سے نوازا گیا ہے اور یہ اچھی چیزیں کرنے سے ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہنگامی لینڈنگ کے بعد اس جہاز سے فوری نکل جانا ایک معجزے سے کم نہیں تھا کیونکہ اس میں فوری آگ لگ گئی تھی اور جہاز سے نکلنا اللہ کی طرف سے ایک قیمتی تحفہ ہے اور میں جانتا ہوں کہ اللہ نے مجھے کسی مخصوص مقصد کے لیے زندگی دی اور ہو سکتا ہے کہ وہ یہ ہو۔عبدالقادر کے مطابق وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کیرالا میں ایسی نوکری تلاش کریں گے جس میں ضرورت مند بچوں کی مدد کی جاتی ہو۔انھوں نے کہا کہ یہ انعامی رقم خیرات نہیں کریں گے لیکن وہ دوسری کی فلاح کے لیے کام کریں اور ضرورت مندوں کے لیے کچھ کریں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ وہ اس بات کو جانتے ہیں کہ پیسا آپ کے دشمن بناتا ہے۔

متعلقہ عنوان :