شہزاد رائے کا نیا ملی نغمہ ”مولا“ریلیز کر دیاگیا

جمعرات 11 اگست 2016 12:22

شہزاد رائے کا نیا ملی نغمہ ”مولا“ریلیز کر دیاگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 اگست۔2016ء)پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے 2014 میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں نشانہ بننے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملی نغمہ ’مولا‘ ریلیز کر دیا۔جیسے جیسے یوم آزادی قریب آرہا ہے پاکستانی گلوکار اس ملک کی خاطر جان کی بازی لگانے والوں کی یاد میں کئی نغمے ریلیز کر رہے ہیں، جو قومی جوش و جذبہ بڑھانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

شہزاد رائے نے اپنا نیا گانا ’مولا‘ اپنے فیس بک اکاوٴنٹ پر شیئر کیا ۔گلو کار کا کہنا تھا کہ ’میرا نیا گانا ’مولا‘ کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہے۔اس گانے میں ایک لڑکی کی داستان پیش کی گئی ہے جس کے والد اے ایس ایف کے اہلکار تھے ان کو 2014 میں کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں گولیاں لگی تھیں جبکہ بعد ازاں ان کی موت ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس حملے کے بعد پاک فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف قبائلی علاقوں میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا، اس آپریشن میں پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا ہے۔اگست کے مہینے میں پاکستان کے ملی جوش و جذبہ بڑھانے کے لیے ملک میں کئی نغمے ریلیز کیے گئے۔کوک اسٹوڈیو نے اپنے سیزن 9 کا پہلا پرومو بھی شیئر کیا جس میں سیزن میں موجود تمام گلوکار ایک ساتھ ’اے راہ حق کے شہیدوں‘ ملی نغمہ پڑھتے نظر آئے۔

ان گلوکاروں میں عابدہ پروین، راحت فتح علی خان اور مرحوم قوال امجد صابری بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ معروف قوال امجد صابری کو دو ماہ قبل کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔اس کے علاوہ جشن آزادی کی مناسبت سے لاہور کے ایک مقامی گلوکار وحدت رمیز کے نئے ملی نغمے ’میرے وطن کو آباد رکھنا‘ کو کافی پذیرائی ملی۔گلوکار کے مطابق ان کے والد نے یہ ملی نغمہ خصوصی طور پر 14 اگست کے لیے لکھا ہے۔