ملک میں بھائی چارہ اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہمارا اخلاقی، مذہبی اور سماجی فرض ہے ٗوزیر اعظم

اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے منشور کا حصہ ہے ٗنواز شریف کا اقلیتوں کے دن کے موقع پر پیغام

بدھ 10 اگست 2016 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت نے آئین پاکستان اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ کے مطابق تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے، ملک میں بھائی چارہ اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہمارا اخلاقی، مذہبی اور سماجی فرض ہے۔

11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد قومی تعمیر میں اقلیتوں کے کردار کو تسلیم کرنا، ان کے حقوق کا تحفظ کرنا اور تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان قومی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اقلیتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور انہیں درپیش مسائل کا احساس دلاتا ہے، اقلیتوں کا دن انسانیت کی خدمت اور ایک خوشحال پاکستان کیلئے یکجہتی کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ 11 اگست 1947ء کو قائداعظم نے پہلی قانون ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب میں ایک جدید، معتدل اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی تھی، موجودہ حکومت قائداعظم کے وژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد اقلیتوں کے گرانقدر کردار کو تسلیم کرنا اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔