ملک ابرار ، جاوید اخلاص اور طاہرہ اورنگزیب نے چوہدری نثا کو ایوان میں مدلل اور جاندار انداز میں حکومتی موقف بیان کرنے پرخراج تحسین ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے پر بھی ستائش

قومی اسمبلی کے ارکان نے اپوزیشن کا ان کے خلاف واک آؤٹ کو بلا جواز قرار دیدیا

بدھ 10 اگست 2016 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی کے ارکان ملک ابرار ‘ راجہ جاوید اخلاص اور طاہرہ اورنگزیب نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ایوان میں مدلل اور جاندار انداز میں حکومتی موقف بیان کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپوزیشن کا ان کے خلاف واک آؤٹ کو بلا جواز قرار دیدیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے (ن) لیگی ارکان نے کہاکہ اپوزیشن ارکان کا چوہدری نثار کے خطاب پر ایوان سے واک اؤ ٹ کا کوئی جواز نہ تھا۔ نثار نے اپوزیشن جماعتوں پر کوئی تنقید کی نہ ہی ان کے بارے میں کوئی متنازعہ بات کی بلکہ انہوں نے آصف علی زرداری سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے اور تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لگتا ہے کہ اپوزیشن کو نثار فوبیا ہو گیا ہے اور وہ وزیر داخلہ بارے شدید حساسیت کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کی تعریف کو بھی تنقید کے زمرے میں ڈال کر ناراض ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ ہمیشہ عوام اور قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں اور کوئی لگی لپٹی رکھے بغیر بات کرتے ہیں ۔ بدھ کو ان کے خلاف اپوزیشن کے واک آؤٹ کا کوئی جواز نہ تھا بلکہ اس واک آؤٹ سے اپوزیشن بے نقاب ہو گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی ایشوز پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے باز نہیں آئی۔

متعلقہ عنوان :