کوئٹہ بم دھماکہ پاکستان کی جانب سے تحریک آزادی کشمیرکی حمایت کا بھارتی ردعمل ہے، مقررین

دہشت گردوں اور بھارت کا سفاک اتحاد پاکستان کو عدم استحکام ،انتشار اور لاقانونیت کا شکار کردینا چاہتا ہے پوری قوم شہدائے کوئٹہ کے غم میں سوگوار ہے ،دہشت گردی کو کچلنے کیلئے پورے ملک میں فوجی آپریشن کا دائرہ پھیلایا جائے ،ریلی سے خطاب

بدھ 10 اگست 2016 21:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے زیراہتمام سول ہسپتال خود کش حملے کے خلاف بدھ کو ہزارہ ٹاون میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق احمد جعفری کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مین چوک پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طارق احمد جعفری ،مصطفی کمال اور دیگر نے کہا کہ کوئٹہ بم دھماکہ پاکستان کی جانب سے تحریک آزادی کشمیرکی حمایت کا بھارتی ردعمل ہے،دہشت گردوں اور بھارت کا سفاک اتحاد پاکستان کو عدم استحکام ،انتشار اور لاقانونیت کا شکار کردینا چاہتا ہے وکلاء برادری اور صحافیوں پر حملہ انصاف قانون اور انسانی آزادیوں پر حملہ ہے پوری قوم شہدائے کوئٹہ کے غم میں سوگوار ہے ،دہشت گردی کو کچلنے کیلئے پورے ملک میں فوجی آپریشن کا دائرہ پھیلایا جائے کالعدم تنظیمیں نام بدل کر آزادانہ کام کررہی ہیں خانہ پری نیشنل ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں عمل درآمد کرایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان اور ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود کی شہادت نے صحافیوں کی سرفروشی کی داستان میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہیکوئٹہ و بلوچستان سمیت ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کے سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالا جائے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اپنے قیام کے دن سے ازلی دشمن بھارت کی سازشوں کا سامنا ہے جس نے پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے درندوں پر بھی خوب سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور افغانستان میں موجود قونصل خانوں کے ذریعے انہیں بھرپور کمک پہنچا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کرکے پاک فوج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ضرب عضب سے بھاگے ہوئے دہشت گرد بھارتی سپورٹ سے اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت سے جنم لینے والی آزادی کی نئی عوامی لہر نے بھارتی نیتاؤں کی نیندیں حرام کردی ہیں اور وہ پاکستان کو تحریک حریت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مسلسل دھمکیاں دیتے چلے آرہے ہیں سانحہ کوئٹہ میں بھارت کا مکمل ہاتھ ہے جو ایک تیر سے کئی شکار کرنا چاہتا ہے بھارت دہشت گردی کو فروغ دے کر آپریشن ضرب عضب اور پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنا نا چاہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں کمزوریاں دور کرنا ہوں گی انہیں کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر دہشت گرد وار کرنے میں کامیاب ہو رہے ہیں ۔انہوں نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی بلندی درجات ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی داد رسی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے ۔