تین سالوں میں 2 لاکھ 37 ہزار شناختی کارڈ بلاک کئے گئے‘ 29 ہزار غیر ملکیوں کے جعلی پاسپورٹ منسوخ کردیئے گئے ٗ وزیر داخلہ

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے کیا جارہا ہے‘ پہلے مرحلے میں نومبر سے 16 اضلاع میں سروے کیا جائیگا ٗ قومی اسمبلی وقفہ سوالات

بدھ 10 اگست 2016 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ تین سالوں میں 2 لاکھ 37 ہزار شناختی کارڈ بلاک کئے گئے‘ 29 ہزار غیر ملکیوں کے جعلی پاسپورٹ منسوخ کردیئے گئے ٗ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دوبارہ سروے کیا جارہا ہے‘ پہلے مرحلے میں نومبر سے 16 اضلاع میں سروے کیا جائیگا ۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ یہ انتہائی اہم ایشو ہے ٗ جعل سازی دنیا میں ہر جگہ ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اتھارٹی نے 2013ء سے قبل 525 شناختی کارڈ بلاک کئے ٗہمارے تین سالوں میں دو لاکھ 37 ہزار بلاک ہوئے۔ 29 ہزار پاسپورٹ کینسل ہوئے۔ شناختی کارڈ کی تصدیق سے اب تک ساڑھے تین کروڑ شناختی کارڈ کی تصدیق ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

عوام اور میڈیا نے بھرپور تعاون کیا۔ اپنے پرائے سب نے کہا کہ چھ ماہ میں نہیں ہو سکے گا ہم نے ڈیڑھ ماہ میں بڑی تعداد میں کردیئے ہیں۔

ہزاروں کی تعداد میں فیملی ٹریز میں اجنبی نکلے ہیں۔ ہزاروں غیر ملکی بھی نکلے ہیں۔ یہ پاکستان کے نیشنل ڈیٹا بیس کا ریکارڈ درست کرنا ہے۔ ڈرون حملے میں مارے جانے والے ایک اہم رہنما کا کارڈ پاکستان کا نکلا۔ انہوں نے اس عمل کی نگرانی کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے سپیکر سے بھی بات کی ہے۔

اس کو تصدیق یا بلاک کئے جانے والے شناختی کارڈ سے آگاہ کیا جائے گا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ہم نے جون 2013ء سے ان ایشوز پر کام شروع کیا ہے۔ اڑھائی سال میں فوکس کیا بہت بہتری آئی ہے۔ ملا منصور کا 2005ء میں پاسپورٹ بنا۔ 2011ء میں اس کو ری نیو کیا گیا۔ اس پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر یہ شخص ایران‘ بحرین‘ متحدہ عرب امارات گیا۔ ایف آئی اے کے دو افسران ملازمت سے گئے۔

تین نادرا اہلکار گرفتار ہوئے۔ پٹواری کے خلاف کارروائی ہوئی تمام ذمہ داران کو پکڑا ہے۔ بلوچستان کی حکومت نے تعاون کیا۔ شناختی کارڈ بلاک کرنے پر تنقید کریں تو ساتھ تجاویز بھی دیں۔ یہ مسلم لیگ (ن) کا ذاتی یا سیاسی کام نہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی کے لئے اہم ہے۔اراکین پارلیمنٹ کا تعاون چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی آئندہ ہفتہ سپیکر کی مشاورت سے بن جائے گی۔

اگر کسی کا شناختی کارڈ غلط بلاک ہوا تو اسے بغیر تکلیف دیئے ان بلاک کردیں گے۔ ڈاکٹر فوزیہ حمید کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آلات و ہتھیار اور تربیت آرمی کے معیار کی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا محمد افضل خان نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ کے بعض مستفید ہونے والے شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس کے تحت فنڈ نہیں لے سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر اپنے بجٹ اہداف پورے کرنے کی طرف گامزن ہے۔ بجٹ پر ملنے والی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں تین اضلاع میں سروے دوبارہ‘ پائلٹ پراجیکٹ 16 اضلاع میں۔ پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ایک لاکھ 23 ہزار 697 شناختی کارڈ روکے گئے ان میں سے 2015ء میں 40124 اور 2016ء میں 34130 شناختی کارڈ کلیئر کئے گئے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ذاتی کاوشوں سے اس میں بہتری آئی ہے۔ بلاک کئے جانے والے شناختی کارڈ کا ایک طریقہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ غلط شناختی کارڈ کے حامل تمام افغانی واپس جائیں گے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ملا منصور پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کا اہل نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ادوار میں بغیر کسی تصدیق کے شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ ملا منصور کو 2005ء میں پاسپورٹ جاری اور اس پر تجدید 2011ء میں ہوئی ہے۔ رانا افضل نے بتایا کہ نجکاری کمیشن نے 2009ء میں خریداروں سے ایک ارب 66 کروڑ روپے وصول کئے۔ نجی شعبہ کو دیئے گئے اداروں کے بقایا جات کی وصولی کے لئے عدالتوں میں کیسوں کی پیروی کر رہے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کی 30 کے قریب پراپرٹیز اتصالات کے حوالے نہیں کی گئیں۔ ادائیگی لینے کے لئے ہم کوشاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :