ملتان میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے ‘شہبازشریف

حکومت پنجاب جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ملتان میٹرو بس منصوبے پر دن رات کام جاری ہے، منصوبے کا جلد افتتاح کر دیا جائیگا‘وزیراعلیٰ پنجاب ملتان کے عوام میٹرو بس پراجیکٹ کے تحفہ پر وزیراعلیٰ کے شکرگزار ہیں‘اراکین قومی و صوبائی اسمبلی

بدھ 10 اگست 2016 20:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملتان میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اورمیٹرو بسیں چلنے سے عوام کو جدید، معیاری اور تیز رفتاری سفری سہولتیں میسر آئیں گی، ملتان میٹرو بس منصوبے پر دن رات کام ہو رہا ہے اور اس پراجیکٹ کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔

وہ یہاں ملتان میٹرو بس منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔ لاہوراور راولپنڈی،اسلام آباد میں میٹرو بس کے منصوبوں کے شاندار اجراء کے بعد ملتان میں میٹرو بس کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے اور اس منصوبے کے اجراء سے جنوبی پنجاب کے عوام کو آمدو رفت کی جدیدسہولتیں ملیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کئی ایک بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے اور ملتان میٹرو بس کا منصوبہ اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار حکومت پنجاب کا طرۂ امتیاز ہے اور ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کو اسی اصول کے تحت تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور انشاء اﷲ جلد ملتان میٹرو بس کے منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔

جنوبی پنجاب خصوصاً ملتان سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں نے ملتان میٹرو بس کا منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرانسپورٹ کے اس جدید منصوبے کو ملتان میں شروع کرنے پر ان کے احسان مند ہیں۔ ملتان کو اس منصوبے کی اشد ضرورت تھی اور وزیراعلیٰ نے ان کی یہ ضرورت پوری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے جس جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے وہ اس پر بھی وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سید جاوید شاہ، عبدالغفار ڈوگر، رانا محمودالحسن، محمد علی کھوکھر، شہزاد مقبول بھٹہ، حاجی احسان الدین قریشی، کمشنر ملتان ڈویژن اور متعلقہ حکام ملتان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔