وزیراعلیٰ پنجاب سے چکوال میں جھگیوں میں رہنے والی ہونہار طالبہ نرگس گل کی ملاقات،میٹرک امتحانات میں 1004 نمبر لینے پرمبارکباد

شہباز شریف کا طالبہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے مفت گھر دینے کا اعلان،پانچ لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ بھی دیا جھگیوں میں رہنے والی بچی نے اپنی محنت سے ثابت کیا ہے کہ تعلیم کسی کی میراث نہیں، قوم کے اس تابناک مستقبل نے اپنی محنت اورذہانت کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے اور پوری قوم کو اس کی کامیابی پر فخر ہے‘شہبازشریف

بدھ 10 اگست 2016 20:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چکوال کے گاؤں تھنیل فتوحی میں جھگیوں میں رہنے والی ہونہار طالبہ نرگس گل نے ملاقات کی ۔وزیر اعلی نے رالپنڈی بورڈ کے تحت میٹرک امتحانات میں سائنس مضامین میں 1004 نمبر لینے پر طالبہ نرگس گل کو مبارکباددی اور جھگیوں میں رہنے والی اس ہونہار طالبہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے مفت گھر دینے کا اعلان کیا-وزیر اعلی نے طالبہ نرگس گل کو 5 لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ بھی دیا-وزیر اعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبہ لاہور یا چکوال جہاں چاہے گی اسے مفت گھر لیکر دیں گے اور اس کے تمام تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی- انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ روپے سے حاصل ہونے والی آمدن طالبہ نرگس گل اور ان کے خاندان کی رو زمرہ اخراجات کیلئے ہے جبکہ پنجاب حکومت طالبہ نرگس گل کے تعلیمی اخراجات اس کے علاوہ خود برداشت کرے گی-انہوں نے کہا کہ طالبہ نرگس گل نے مشکل حالات میں اپنی محنت کی بدولت سائنس مضامین میں نمایاں نمبر حاصل کئے ہیں -یہ ہونہار طالبہ پاکستان کا روشن چہرہ اور تابناک مستقبل ہے اورقوم کی یہ بیٹی ہمارا فخر ہے -انہوں نے کہا کہ نرگس گل جب تک تعلیم حاصل کرنا چاہے گی پنجاب حکومت اس کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چکوال نمبر 1 کی ہیڈ مسٹریس میڈم شہناز اور پرائیویٹ ٹیچر شکیل عباس سمیت گاؤں والوں نے طالبہ کو تعلیم کے لئے جو مدد اور تعاون فراہم کیا وہ لائق تحسین ہے -انہوں نے سکول کی ہیڈ مسٹریس کی کارکردگی کو بھی سراہا - وزیر اعلی نے کہا کہ جھگیوں میں رہنے والی اس بچی نے اپنی محنت سے ثابت کیا ہے کہ تعلیم کسی کی میراث نہیں -محنت اور عزم سے ہی کامیابیاں ملتی ہیں -انہوں نے کہا کہ یہ بچی ہماری ہیرو ہے جس نے مشکل حالات میں محنت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں ،قابلیت اورذہانت سے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے نرگس گل کی والدہ ،خالہ ،ٹیچر،سکول کی ہیڈ مسٹریس اورگاؤں کی سرکردہ شخصیات کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ آج ہم قوم کے اس بیٹی کی محنت کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس بچی کا تعلق ایسے گھر سے ہے جہاں تعلیم کا حصول ممکن نہ تھالیکن قوم کے اس تابناک مستقبل نے اپنی محنت اورذہانت کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے اور پوری قوم کو اس کی کامیابی پر فخر ہے۔

یہ پاکستان کا درخشاں ستارہ ہے کیونکہ اس نے غربت میں رہ کر اخلاص کے ساتھ محنت کی اور آج امیروں کے بچوں سے بہتر مقام حاصل کیا ہے ۔ اگر محنت سے کام کیا جائے تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں حائل نہیں ہوسکتا، اگر محنت کی جائے تومشکل مشکل نہیں رہتی اورکم وسائل بھی راستے میں حائل نہیں ہوتے اور میرا ایمان ہے کہ محنت کے ذریعے معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل کیا جاسکتاہے اور قوم کی تقدیر بھی بدلی جاسکتی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ طالبہ نرگس گل کی بیمار نانی اماں کا مفت علاج کرایا جائے گا- نرگس گل کی والدہ آسیہ بی بی ، خالہ شازیہ ، ماموں ناصر، ٹیچر شکیل عباس اور گاؤں کی سرکردہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں-صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-