وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر یکساں عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ٗاجلاس میں فیصلہ اجلاس میں وفاق اورصوبوں کے درمیان انٹیلی جنس میکنزم مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کی منظوری وفاق صوبوں کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گا ٗ قوانین سے خامی ہر سطح پر دور کی جائے گی

بدھ 10 اگست 2016 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس میں 20نکاتی پلان کے تمام نکات پر یکساں عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت سیکورٹی سے متعلق اہم اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیرداخلہ اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے شرکا کو ملکی سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق صوبوں کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گا ٗ قوانین سے خامی ہر سطح پر دور کی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاق اورصوبوں کے درمیان انٹیلی جنس میکنزم مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کی منظوری دی گئی اجلاس میں 20نکاتی پلان کے تمام نکات پر یکساں عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے دوران سول و عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور طاقت استعمال کرنے کے علاوہ مختلف فیصلے کئے۔ واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکے کے نتیجے میں وکلا اور صحافیوں سمیت 73 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔