Live Updates

وزیر اعظم کو دہشتگردوں کی بجائے عمران خان اور طاہر القادری کو کچلنے کی زیادہ فکر ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جنگی حالات میں پاکستان کو دلیر اور غیور حکمرانوں کی ضرورت ہے، نااہل ، ناکام اور نکمے حکمرانوں سے ملک سنبھالا نہیں جارہا

بدھ 10 اگست 2016 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو دہشتگردوں کی بجائے عمران خان اور طاہر القادری کو کچلنے کی زیادہ فکر ہے، جنگی حالات میں پاکستان کو دلیر اور غیور حکمرانوں کی ضرورت ہے، نااہل ، ناکام اور نکمے حکمرانوں سے ملک سنبھالا نہیں جارہا، سرکاری اداروں کو دہشتگردوں کے مخبروں اور ہمدردوں سے پاک کیا جائے، حاضر سروس بھارتی فوجی کل بھوشن کی گرفتاری پر ہمارے حکمران چپ کیوں ہیں، کل بھوشن کو پھانسی دیکر عبرت کا نشان بنایا جائے، ہمارے حکمرانوں کو جتنا غصہ اپنے سیاسی مخالفین پر اتنا دہشتگردوں پر نہیں، سانحہ کوئٹہ بد انتظامی، نااہلی اور بیڈ گورننس کی خوف ناک مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے تنظیمات اہلسنّت مشترکہ اجلاس سے خطب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جے یو پی، پاکستان سنی تحریک، تحفظ ناموس رسالت محاذ ، جمعیت علماء پاکستان نورانی اور دوسری اہلسنّت جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اہلسنّت جماعتیں سانحہ کوئٹہ کے خلاف جمعہ 12اگست کو یوم احتجاج منائیں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیلئے مضبوط عزم اور نیک نیتی کی ضرورت ہے۔

مہنگائی عوام کی قوت برداشت سے باہر ہے اور امن و امان کی صورت حال بد سے بد تر ہو چکی ہے۔ جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر علامہ قاری زوار بہادر نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے پاکستانیوں کے بہنے والے خون کا حساب لینا حکوت پر فرض ہے۔ حکومت دنیا کے سامنے بھارتی دہشتگردی کا پردہ چاک کرے۔ دہشتگردی کے خاتمے کو پہلی ترجیح بنایا جائے۔

پاکستان سنی تحریک پنجاب کے صدر شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ دہشتگردوں کے مالیاتی سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد میں کو تاہی کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے ۔ بڑی سیاسی جماعتوں کے مفادات نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد میں رکاوٹ ہیں۔ جمعیت علماء پاکستان نورانی کے صوبائی صدر علامہ طاہر تبسم قادری نے کہا کہ پاک سرزمین پر سی آئی اے اور را کے نیٹ ورک کاصفایا کیا جائے۔

امریکہ اور بھارت نے پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ کررکھا ہے۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو سرد خانے میں ڈالنے والے حکمران قومی مجرم ہیں۔ دو سال کیلئے ترقیاتی منصوبے منجمد کرکے تمام وسائل دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مختص کئے جائیں۔ دہشتگردی کے خلاف نئی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس سے مفتی محمد حسیب قادری، علامہ نعیم جاوید نوری، علامہ شہزاد احمد مجددی ، محمد ضیاء الحق نقشبندی، مولانا منیر احمد یوسفی، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ حافظ نصیر احمد نورانی، مفتی قیصو شہزاد نعیمی نے بھی خطاب کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات