گدون صنعتی بستی میں محنت کشوں کو شفاف اور منصفانہ انداز میں فلیٹس الاٹ کئے جائینگے، انیسہ زیب طاہرخیلی

بدھ 10 اگست 2016 17:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ گدون صنعتی بستی میں محنت کشوں کی رہائشی سہولیات کیلئے نئے تعمیر کئے گے فلیٹس کی الاٹمنٹ میرٹ کے مطابق اور شفاف طریقے سے عنقریب کی جائے گی جس میں صنعتی یونٹس کے ورکرز کو منصفانہ انداز میں رہائشی فلیٹس فراہم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ محنت کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجس میں دیگر امور کے علاوہ خصوصی طور پر گدون صوابی میں نئے تعمیر شدہ رہائشی فلیٹس کی الاٹمنٹ اور اس میں لیبر ورکرز کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں امور پر سیر حاصل بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری محنت سید عالمگیر شاہ ،ڈائریکٹرجنرل ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن انور خان، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سلیم خان ، ڈائریکٹر لیبر عرفان اﷲ،ڈائریکٹر ورکرز ویلفیئر بورڈ زاہد علی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو مذکورہ صنعتی بستی میں یونٹس اور اس میں کام کرنے والے محنت کشوں کی درست تعداد کے ساتھ ساتھ صنعتی یونٹس کی جانب سے ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کو کنٹریبیوشن کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا کہ ایک شفاف فارمولے کے تحت صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے لیبر ورکرز کو یہ فلیٹس الاٹ کئے جائیں گے اور صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے بھر میں ہر جگہ ہمارے محنت کش طبقے کو تمام تر ممکنہ سہولیات فراہم کی جا سکیں کیونکہ اسی محنتی طبقے کے خون پسینے کی بدولت ہماری معیشت کا پہیہ چل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :