محکمہ بہبود آبادی میں تجربہ کار لوگوں کی بھرتیاں اور مانیٹرنگ جاری ہے، زکیہ شاہنواز

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 17:47

لاہور ( اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء ) پنجاب کی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے مستعد اور متحرک ہے - اس ضمن میں نئے تجربہ کار لوگوں کی بھرتیاں کی جا رہی ہے ، مانیٹرنگ کے باقاعدہ سسٹم کا عمل جاری ہے اور مانع حمل ادویات کی ترسیل و فراہمی کی بھی سختی سے نگرانی ہو رہی ہے - پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جاری آگاہی مہم کو مزید موثر و فعال بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

فیملی پلاننگ کے فروغ سے متعلق پالیسی سازوں اور صحافیوں کے مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کا مسئلہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے اس سے نبردآزما ہونے کے لئے بہبود آبادی کو تمام سٹیک ہولڈرز ، این جی اوز ، پارلیمنٹرینز ، مذہبی سکالرز ، تمام مکاتب فکر ، میڈیا ، تمام حکومتی اداروں اور محکموں کی معاونت و مشاورت اور رہنمائی کی ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کی طرح پوری قوم کو انڈو نیشیا ، ترکی اور بنگلہ دیش کی طر ح بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا - پورے ملک کو وسائل اور آبادی میں توازن کے حوالے سے انفرادی و اجتماعی سطح پر پوری کمٹمنٹ کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے -پڑھے لکھے لوگ قوت ارادی کے تحت فیملی سائز بنیادی ضروریات کے مطابق رکھنے کے لئے ناخواندہ لوگوں کو آگاہ کریں کیونکہ ہمیں وہ بچے چاہیں جن کی ماں باپ بہتر تعلیم و تربیت کر سکیں - صوبائی وزیرنے کہا کہ اس وقت محکمہ عوام کو کوالٹی مانع حمل ادویات فراہم کر رہا ہے انہوں نے این جی اوز کی بہبود آبادی سے متعلق حکومتی کاوشوں میں سپورٹ کو سراہا - صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعداد کی بجائے استعداد کی بنیاد پر پہلے سے کئی گنا متحرک اور فعال انداز سے کام کر رہا ہے - انہوں نے کہا کہ مقصد بے جا کثیر اولادی کے رویے اور خواتین کی شرح اموات کو روکنا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ معاون اداروں اور سیاسی شخصیات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں اور اپنے زیر اثر طبقات و افسران کے ذریعے کچی آبادیوں او رپسماندہ علاقوں میں آبادی کے حوالے سے کام کریں۔

متعلقہ عنوان :