افطاری اور سحری کی طرح وفاقی دارالحکومت کے ہوٹلز نے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی کے کھانا پیکیج شروع کر دیئے

بدھ 10 اگست 2016 17:22

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اگست ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت میں جشن آزادی کی تقریبات کے حصہ کے طور مختلف ریستورانوں نے یوم آزادی کے موقع پر کھانوں پر خصوصی رعایت دینا شروع کر دی ہے۔ شہری یوم آزادی کے حوالے سے ملبوسات، بیجز اور جھنڈیاں خریدنے کے بعد اپنی پسند کے مختلف فوڈ سٹالز پر ان خصوصی کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

جناح سپر مارکیٹ میں ایک شہری اسلم نے بتایا کہ دارالحکومت میں فوڈ سٹالز اور ہوٹلز جشن آزادی کے موقع پر رعایتی کھانے کی پیشکش کر رہے ہیں۔ ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران جشن آزادی کے موقع پرکم ریستوران خصوصی رعایتی کھانے فراہم کر رہے تھے، اس دفعہ یہ منفرد رجحان ہے کہ لوگ اس دن خصوصی کھانوں کیلئے باہر جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایف الیون مارکیٹ کے ایک شہری فہد شاہ نے کہا کہ ایک فوڈ سٹال آزادی کھانا پیکیج کی پیشکش کر رہا ہے اور وہ لازمی طور پر یہ لذیذ کھانے کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افطاری اور سحری کے کھانا پیکیج کی طرح اب وفاقی دارالحکومت کے ہوٹلز یوم آزادی کے موقع پر خصوصی کھانا بھی فراہم کر رہے ہیں۔ ایک لڑکی آمنہ کمال نے کہا کہ یوم آزادی کسی طرح عید سے کم نہیں اس لئے میں نے یوم آزادی منانے کیلئے پہلے ہی سبز اور سفید رنگ کا لباس، ایک جیسی چوڑیاں، بیج اور دیگر اشیاء خریدی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر اپنی سہیلیوں کے ہمراہ سجے سجائے مقامات پر جا کر باہر کھانے کھائے گی۔

متعلقہ عنوان :