کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں مثبت سوچ اجاگر کرنے کا باعث بنتی ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور

گومل یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ سے یہاں نوجوانوں کو معاشرہ کا مفید شہری بنانے میں کافی مدد مل سکتی ہے، وائس چانسلر

بدھ 10 اگست 2016 17:18

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں مثبت سوچ اجاگر کرنے کا باعث بنتی ہے، گومل یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ سے یہاں کے نوجوانوں کو معاشرہ کا مفید شہری بنانے میں کافی مدد مل سکتی ہے اس ضمن میں شعبہ سپورٹس کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور مستقبل میں یہاں کھیلوں کے متعدد مقابل جات کا انعقاد بھی کرایا جائے گا ان خیالات کااظہار انہوں نے یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ کے معائینہ کے موقع پر کیا انہوں نے یو نیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد بختیار خٹک کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس حاجی محب اﷲ خان مروت سے ملاقات کی جنہوں نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ کی صورت حال ، وہاں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش اور دیگر سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی، وائس چانسلر نے اس موقع پر یو نیورسٹی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ریجنل کرکٹ سینئر ٹورنمنٹ کا میچ بھی دیکھا، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ میری یہ کوشش ہوگی کہ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی کرکٹ کے مقابلہ جات کا بھی یہاں انعقاد کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لانے، نفرت، بھگانے اور برداشت کا مادہ پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، نوجوان نسل ہم نصابی سرگرمیوں میں جتنے زیادہ مصروف رہیں گے ان کی نصابی سرگرمیوں میں کارکردگی بھی بہتر ہوگی اور تعلیم سے فراغت کے بعد عملی میدان میں بھی ہمیں ایک مثبت سوچ، برداشت اور رواداری کے جذبات سے سرشار قیادت میسر آئیگی ۔

متعلقہ عنوان :