ترقی کے عمل میں ہنر مند افراد کا اہم کردارہوتا ہے، ہنر مندی کو فروغ دینے سے بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی، ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کو جدید طرز عمل پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی رہنما ہارون ارشد شیخ کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 10 اگست 2016 17:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی رہنما ہارون ارشد شیخ نے کہا ہے کہ ترقی کے عمل میں ہنر مند افراد کا اہم کردارہوتا ہے، ہنر مندی کو فروغ دینے سے بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی، ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کو جدید طرز عمل پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،نوجوان نسل فنی تعلیم سے استفادہ کر کے اپنے خاندان کی کفالت کے ساتھ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی نمایاں حصہ ڈال سکتی ہے۔

راجہ فاروق حیدرخان کی سربراہی میں بننے والی حکومت آزادکشمیر کے عوام کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اپنا کردارادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہنرمندی کے اداروں کے اندر ویلڈنگ اورفیبری کیشن کے شعبہ کو فعال کیا جائے ساری دنیا میں مین پاور کی کمی ہے اگرہنرمند لوگ تیار کیے جائیں تو یہ ان پانچ سالوں میں آزادکشمیر کی تقدیر بدل سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ کو ترقی دے کر بھی روزگار کے مواقعے پیدا کیے جاسکتے ہیں،وادی نیلم میں اس لحاظ سے پرائیویٹ انوسٹر کیلئے باضابطہ حکمت عملی مرتب کی جائے جبکہ کشمیری کی خوبصورتی ایک اثاثہ ہے اگر کشمیر میں پلاننگ کے ساتھ کام کیا جائے اورانوسٹرکو موقع ملے تو اس سے آزادکشمیر خود کفیل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم آزادکشمیر ان تجاویز پر غورکریں گے اس سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی ہوگی بلکہ بہت بڑا ریونیوہوگا جس کو استعمال کر کے باقی اداروں کو بھی فعال بنایا جاسکتا ہے۔امید کرتے ہیں کہ ہماری حکومت ان پر ترجیح بنیادوں پر عمل کریگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے عوام کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں انشاء اللہ راجہ فاروق حیدرخان کی قیادت میں بننے والی حکومت عوام کو باروزگار بنانے کے ساتھ ساتھ خوشحالی کے سنہری دورکا آغاز کریگی۔

متعلقہ عنوان :