مظفرآباد‘ نواحی علاقہ شہید گلی میں شارٹ سرکٹ باعث رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گیا

بدھ 10 اگست 2016 16:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) نواحی علاقہ شہید گلی میں شارٹ سرکٹ سے تین بھائیوں کا مشترکہ مکان جل کر راکھ،مال مویشی ہلاک،قریباً 9لاکھ روپے کا نقصان،اہلخانہ نے بمشکل بھاگ کر جانیں بچائیں۔تفصیلات کے مطابق مظفرآباد کے سیاحتی مقام شہید گلی کے موضع تھور میں عادل حسین،صابرحسین اور عابد حسین کے مشترکہ گھر گزشتہ شب ایک بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے گھر میں موجود قیمتی سامان کے علاوہ ملحقہ باڑا میں بند 10بکریاں، 5گائے 3بھیڑیں اور 2قیمتی بھینسیں جل کر راکھ ہوگئیں اور بعض دم گھٹنے سے ہلاک ہوئیں۔

متاثرین عادل حسین،صابر حسین اور عابد حسین نے بتایا کہ گھر میں آگ رات ایک بجے اچانک شارٹ سرکٹ سے لگی جو اتنی شدید تھی کہ یکا یک اس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اہلخانہ نے بمشکل جانیں بچائیں تاہم گھر کا تمام سامان بشمول فرنیچر،الیکٹرانکس،زیورات،نقدی،پارچہ جات جل کر راکھ ہوگئے جبکہ گھر سے متصل جانوروں کے باڑے میں موجود تقریباً19مویشی اور چوپائے آگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے جو ہمارے گزر بسر کا ذریعہ تھے جبکہ گھر کے تمام جمع پونجی بھی جل کر راکھ ہوچکی ہے۔متاثرین نے اپیل کہ ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان،ایم ایل اے حلقہ،چیف سیکرٹری وڈپٹی کمشنر مجھے مالی امداد دلوائیں تاکہ سرچھپانے کے لیے کوئی جگہ میسر ہواور اپنا روزگار بحال کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :