پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے مسلمانوں کو ہر سطح پر کوشش کرنی ہوگی، اسلام جبر کی بنیاد پر کسی کو مسلمان بنانے کی اجازت نہیں دیتا،غیر مسلموں میں پایا جانے والا احساس محرومی اور خوف کو مکالمے سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے،پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی وفودسے گفتگو

بدھ 10 اگست 2016 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے مسلمانوں کو ہر سطح پر کوشش کرنی ہوگی۔ اسلام جبر کی بنیاد پر کسی کو مسلمان بنانے کی اجازت نہیں دیتا ۔غیر مسلموں میں پایا جانے والا احساس محرومی اور خوف کو مکالمے سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے ۔

وہ ”یوم رواداری “ کے موقع پر مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے قائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر پادری عمانویل کھوکھر ،سردار بشن سنگھ،ڈاکٹر رمیش کمار اور پاکستان علماء کونسل کے قائدین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر، مولانا عبدالکریم ندیم،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا اسد اللہ فاروق،مولانا عبد الحمید صابری،مولانا نعمان حاشرودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قیام پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں نے بھی جدوجہد کی تھی۔ غیر مسلموں کی پاکستان میں اور پاکستان کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں اور مسلم قائدین نے ہمیشہ اس کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت کے قانون سے غیر مسلموں کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔ مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر تحفظ ناموس رسالت قانون کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور گزشتہ دوسالوں کے دوران تحفظ ناموس رسالت کے قانون کے غلط استعمال میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔

گزشتہ ایک سال میں 25سے زائد کیسوں میں مسلم مکاتب فکر اور غیر مسلم قائدین نے باہمی مکالمہ سے مسائل کو حل کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر انتظام قومی مصالحتی کونسل پورے ملک کے اندر مختلف مکاتب فکر اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان پیدا ہوجانے والے مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتی ہے۔ پادری عمانویل کھوکھر نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور قومی مصالحتی کونسل کی جدوجہد سے پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے خوف کو دور کرنے میں مدد ملی ہے۔

پاکستان میں رہنے والے غیر مسلم بھی مسلمانوں کی طرح پاکستان کے وفادار ہیں۔ہمیں ایک دوسرے کے مذاہب اور مقدسات کااحترام کرنا چاہئے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ گزشتہ دنوں پوپ فرانسس نے اسلام اور مسلمانوں کے متعلق جو بیان دیا وہ قابل قدر ہے۔کسی بھی آسمانی مذہب کو دہشتگردی اور انتہاپسندی سے نہیں جوڑا جاسکتا ۔

متعلقہ عنوان :